یوگا دِلی سکون اور تندرستی کی برقراریت کاضامن : شرما

جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کہا ہے کہ یوگا دِلی سکون اور تندرستی کو قائم رکھنے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس بات کا اظہار مشیر موصوف نے گول گجرال میں بھارتیہ یوگ سنستھا یوگ آشرم میں منعقدہ آل انڈیا پرنائم پریشکشن شِور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر موصوف نے اس موقعہ پر علی الصبح یوگ سادھنا میں شرکت کی۔ بھارتیہ یوگ سنستھا جموں کے صدر ستیہ پال اور سیکرٹری جیا لال نے تقریب میں شرکت کرنے کے لئے کیول کمار شرما کو خوش آمدید کہا۔مشیر موصوف نے کہا کہ یوگا اپنی ذات کو سمجھنے اور صحت مند زندگی گذارنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔شرما نے یوگا کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں کو تندرست رہنے کے لئے یوگا اپنانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ یوگا عالمی سطح پر جسمانی و ذہنی سکون کے لئے کیاجاتا ہے۔مشیر موصوف نے بھارتیہ یوگ سنستھا کی طرف سے منعقدہ یوگ ابھیاس کے لئے ادارے کی کوششوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا یہ یہ ادارہ لوگوں کو بغیر کسی معاوضے کے یوگا کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ یوگا کو جاری رکھیں۔مشیر موصوف نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تقریب میں ملک کی23 ریاستوں کے 620 یوگ ادھیکاری اس تین روزہ کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثنا مشیر موصوف نے اس موقعہ پر قائم کئے گئے بُک سٹال کا بھی معائنہ کیا۔