سرینگر // نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے یوگا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس روائتی کسرت کے فوائد سے لوگ صدیوں سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ انٹر نیشنل یوگا ڈے کے موقعہ پربدھ کی صبح یوگا کی کسرت کیلئے جمع ہوئے حاضرین سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا ، سابق رُکنِ پارلیمان اویناش رے کھنہ ، رُکنِ مرکزی وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی ، رومیش ارورہ ، ڈاکٹر حنا بٹ ، خالد جہانگیر اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یوگا کی کسرت ہمارے معاشرے میں صدیوں سے رائج ہے اور اس کے فوائد قومی اور بین الاقوامی محققوں نے ثابت کئے ہیں ۔نہرو یووا کیندر سنگھٹن جموںوکشمیر نے تیسرے بین الاقوامی یوگادن کے سلسلے میںکپوارہ ،سرینگر اور لیہہ میں بڑے پیمانے پر پروگراموں کااہتمام کیا گیا جن میں این سی سی،این ایس ایس،سکولوں اور کالجوں کے طلبا¿ وطالبات ،یوتھ کلبس اور مہلا منڈلوں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شر کت کی۔مجموعی طور پر یوگا پروگرام میں 800کے قریب شرکا موجود تھے۔کپوارہ کے ضلع سیاحتی مرکز میں منعقد ہ یوگام پروگرام میں ضلع انتظامیہ کے آفیسران،ایوش ڈاکٹروں ،یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اہلکاروں اور یوگ گورووں کے علاوہ دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹوریٹ آف انڈین سسٹمز آف میڈیسن اینڈ ہومیوپیتھی کی طرف سے انڈورسٹیڈیم سرینگر میں تیسرے عالمی یوگا دن کے سلسلے میںپروگرام کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر پورنیما متل،انڈین سسٹمز آ ف میڈیسن اینڈ ہوموپیتھی کے ناظم اور سٹاف ممبران ،چیف میڈیکل آفیسر ،یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اورسپورٹس کونسل کے ممبران کے علاوہ سی آر پی ایف اورایوشن طبی اداروں کے طلبا¿ وطالبات نے شرکت کی۔اس موقعہ پر آئی ایس ایم کے ناظم نے کہا کہ یوگا مشق کو معمول کی زندگی میںشامل کرنے کی ضرور ت ہے تاکہ اس کے بھرپور فوائد حاصل کئے جاسکیں۔گاندربل سے نمائندے ارشاد احمدنے اطلاع دی ہے کہ گورنمنٹ فزیکل کالج گاڑورہ گاندربل میں یوگا دن بہ اشتراک فزیکل کالج گاندربل،سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر،محکمہ آئی ایس ایم ایوش،محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منایا گیا جس میں فزیکل کالج میں زیر تعلیم طلبہ،گاندربل کے مختلف نجی سکولوں کے 800طلبہ نے شرکت کی۔ادھر وادی کے اندر فوج نے کئی مقامات پر یوگا دن منایا ۔آرمی گڑول سکولوں میں بھی یوگا دن منایا گیا جس میں بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔ اونتی پورہ میں مقیم وکٹر فورس کی سرپرسی میں تمام گڈول سکولوں میں یوگا دن منایا گیا۔
یوگاکاعالمی دن
