یو این آئی
اقوام متحدہ//یو این آئی// اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ٹی ایس تریمورتی نے کہا کہ ہندوستان کا موقف ہے کہ یوکرین کے تنازعہ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا اور اس تنازعہ میں ہندوستان امن کے حق میں ہے ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کے مسئلے پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے مسٹر تریمورتی نے کہا کہ “ہندوستان مکمل جنگ بندی، بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین کے تنازعہ کے حل کے لیے زور دیتا ہے ۔ ہندوستان یوکرین کے بوچا میں شہری ہلاکتوں پر بھی سخت مذمت کرتا ہے اور اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے ۔ ہندوستان اس جنگ میں امن کا حامی رہا ہے اور اسی لیے اسے یقین ہے کہ اس جنگ میں کسی کی جیت نہیں ہوگی بلکہ اس جنگ سے متاثرہ لوگ مزید اس کے اثرات جھیلیں گے ۔مسٹر تریمورتی نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے دورہ کیف و ماسکو اور دونوں ممالک کے سربراہان کے ساتھ بات چیت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ اس وقت اولین ترجیح جنگ زدہ علاقے سے عام لوگوں کو جلد از جلد نکالنا ہے ۔