یونیورسٹی طلاب کاریاستی انتظامیہ کونسل کے فیصلے کیخلاف احتجاج

جموں //ریاستی انتظامیہ کونسل کی جانب سے حالیہ دنوں محکمہ تعلیم کی غیر تدریسی اسامیوں کو رہبر تعلیم اساتذہ کیلئے تدریسی عملے میں تبدیل کر نے کے فیصلے کیخلاف جموں یونیورسٹی کے طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی گیٹ کے سامنے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ۔جموں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء کے علا وہ ایم اے ایم کالج کے طلباء نے مشترکہ طورپر ریاستی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کونسل کے حالیہ فیصلے میں غیر تدریسی عملے کی 4500اسامیوں کو تدریسی عملے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ریاست میں کام کر رہے رہبر تعلیم او ر ایس ایس اے ٹیچروں کو ان اسامیوں پر لایا جا سکے ۔طلباء نے کہاکہ اس وقت ریاست میں بے روز گار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے تاہم ریاستی انتظامیہ کو نسل کے فیصلے پر اگر عمل کیا گیا تو ان نوجوانوں کی تعداد میں اور بھی اضافہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ رہبر تعلیم اور ایس ایس اے ٹیچروں کو ریاستی انتظامیہ بے روز گار نوجوانوں کیساتھ نا انصافی کر کے ایڈ جسٹ نہ کرے بلکہ ان کیلئے ایک علیحدہ سے پالیسی مرتب کی جائے ۔طلباء نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے فیصلے کو واپس لے تاکہ بے روز گار نوجوانوں کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔