یونیورسٹی اور کالج سطح پر داخلے | طلاب 5مہینوں سے منتظر

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//یونیورسٹی اور کالج سطح پر داخلہ لینے کیلئے ابھی تک تعلیمی اداروں کی جانب سے نہ ہی فارم اجرا کئے جارہے ہیں اور نہ ابھی تک اس بارے میں کوئی اعلان کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں طلبہ کے قریب 5مہینے ضائع ہوچکے ہیں۔ ادھر نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی کی جانب سے جو یوجی اور پی جی پروگراموں کیلئے انٹرنس امتحان لیا تھا ان طلبہ کو بھی یونیورسٹیز اور کالجوں میں داخلہ نہیں مل رہا ہے جو کہ طلبہ سے سراسر ناانصافی ہے ۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے )کی جانب سے مارچ کے مہینے میں یونیورسٹیز اور کالجوں میں داخلہ کیلئے انٹرنس ٹیسٹ لیا گیا تھا تاکہ طلبہ یوجی اور پی جی پروگراموں میں تعلیمی اداروں میں داخلہ لے سکیں تاہم پانچ مہینے گزرنے کے باوجود بھی طلبہ کو کالج اور یونیورسٹی سطح پر داخلہ نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہورہا ہے ۔ طلبہ نے کہا کہ قریب پانچ مہینوں سے وہ گھروں میں داخلہ کے اعلان کا انتظار کررہے ہیں تاہم ابھی تک اس معاملے میں کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا جو طلبہ کے ذہنی کوفت کا باعث بن رہا ہے ۔ طلبہ نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت کالجوں اور یونیورسٹیز میں اب داخلہ کیلئے پہلے انٹرنسٹ ٹسٹ لیا جاتا ہے لیکن اس سے طلبہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اس عمل کے شروع ہونے کے بعد طلبہ کا مزید وقت ضائع ہورہا ہے ۔ انہوںنے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں تاکہ طلبہ کو ذہنی پریشانی سے نجات ملے ۔