سرینگر //مرکزی کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن ( سی سی آر ایم ) ، آیوش کی وزارت حکومت ہند نے جمعرات کو یونانی ڈے 2022 کی تقریبات اور یونانی میڈیسن پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ہائیبرڈ موڈ میں افتتاح کیا ۔ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا موضوع ’’ اچھی صحت اور فلاح و بہبود کیلئے یونانی ادویات میں خوراک اور غذائیت ‘‘ ہے ۔ آیوش کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے جو اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی تھے ، کانفرنس کا افتتاح کیا۔ آیوش خواتین اور بچوں کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجاپرا مہندر بھائی کالو بھائی اس موقع پر معزز مہمان تھے ۔ اس موقع پر موجود دیگر افراد میں آیوش کی وزارت کے اسپیشل سیکرٹری پرمود کمار پاٹھک ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ صحت اور طبی تعلیم جموں و کشمیر وویک بھردواج ، چیئر پرسن نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن نئی دہلی ویدیا جینت یشونت دیو پجاری ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد ، وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری پروفیسر اکبر مسعود ، ڈائریکٹر جنرل سی سی آر یو ایم پروفیسر عاصم علی ، مشیر ( یونانی ) وزارت آیوش ڈاکٹر ایم اے قاسمی ، ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ ، سائینسدان ، محققین ، ڈاکٹرز اور دیگر افسران موجود تھے ۔ اس اجلاس میں ایران ، متحدہ عرب امارات ، سری لنکا ، جنوبی افریقہ ، بنگلہ دیش وغیرہ جیسے بیرونی ممالک کے سائینسدانوں اور محققین نے بھی عملی طور پر شرکت کی ۔ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے سربا نند سونووال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں حکومت ہند نے ہندوستانی نظام طب بشمول یونانی ادویات کی کثیر جہتی ترقی کی بہت اہمیت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی قابل قیادت کی وجہ سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن ( ڈبلیو ایچ او ) نے ہندوستان میں گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ محققین اور طلباء کو روائتی میڈیسن میں دنیا کی قیادت کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکیم اجمل خان کے یومِ پیدائش پر یونانی ڈے منایا جاتا ہے جو کہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ان کی اور بہت سے دیگر علماء کی خدمات کی وجہ سے ہے کہ ہمیں یہ جامع طبی نظام ورثے میں ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پودوں کے وسائل سے مالا مال ہے اور انہیں دریافت کرنے اور ان کے ادویاتی استعمال کیلئے تحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بنی نوع انسان کو فائدہ پہنچے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں ہماری روائتی ادویات کی افادیت کو تسلیم کرنا ضروری ہے وہیں اسے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ مربوط کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے ۔ وزیر مملکت آیوش منجاپرا مہندر بھائی نے کہا کہ خوراک بہت اہم ہے کیونکہ یہ توانائی کا بنیادی ڈھانچہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونانی میڈیسن صحت کو برقرار رکھنے اور بیماریوں سے بچنے کیلئے صحت مند کھانے کی عادات کیلئے تفصیلی رہنما اصول فراہم کرتی ہے ۔ وویک بھردواج نے کہا کہ یونانی میڈیسن جموں و کشمیر میں بہت مقبول ہے اور اس کے مزید فروغ اور ترقی کیلئے مرکزی حکومت مشترکہ کوششیں کر رہی ہے ۔ پروفیسر طلعت احمد اور پروفیسر اکبر مسعود نے یونانی طب میں تحقیق اور ترقی میں سی سی آر یو ایم کے کردار کو سراہا ۔ افتتاحی سیشن میں سی سی آر یو ایم کی طرف سے شایع کردہ کانفرنس سووینئر اور آٹھ کتابوں کا اجراء ، دو یونانی ای کتابوں کا اجراء ، یوگا انسٹرکٹرز کو مبارکباد دینے کیلئے وائی سی بی سرٹیفکیٹ کی تقسیم ، یوگا ایم او یو کا تبادلہ اور یوگا کی لائیو کارکردگی ، سی سی آر ایم ایپس کا اجراء اور این اے بی ایچ کی پیش کش شامل تھی ۔ بعد میں ایک پینل ڈسکشن اور سائنسی سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس کے دوران ہیلتھ سائینسز کے شعبے سے تعلق رکھنے والے متعدد قومی اور بین الاقوامی ماہرین نے اپنے علم ، تجربات اور مہارت سے آگاہ کیا ۔
یونانی میڈیسن پر 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس
