یوم ولادت حضرت امام حسینؑ

سرینگر// حضرت امام حسین ؑکے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں ایک جشن ولادت کاانعقاد کیا گیا جس میںشاخہائے حوزہ جامعہ باب العلم کے طالب علموںکے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت انجمن کے صدر آغا سید حسن نے کی جبکہ نظامت کے فرائض توفیق حسین ملک نے انجام دی۔آغا حسن کے علاوہ جن معززین نے تقریب سے خطاب کیا ان میںمیرواعظ کشمیر کے نمائندہ مولانا سید رحمان شمس ، سید محمد حسین گریند اور مولانا خورشید احمد قانونگو شامل ہیں۔ آغا حسن نے امام حسینؑ کی سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان المعظم امام حسینؑ، حضرت زینب الکبریؑ ، امام زین العابدین ، علمدار کربلا حضرت ابو الفضل عباسؑ اور حضرت علی اکبر ؑکا ماہ ولادت ہے۔انہوں نے کہا کہ ان برگزیدہ شخصیات نے حق و انسانیت اور پرچم اسلام کی سربلندی کے لئے تاریخ بشریت میں سب سے بڑے اور صبر آزما کردار و عمل کا مظاہرہ کیا اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔مقررین نے کہا کہ پشاور پاکستان میں خود کش حملے میں درجنوں نمازیوں کی شہادت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔دریں اثناء انجمن شرعی شیعیا ن آغا سید مہدی کی برسی پر 10مارچ برو ز جمعرات خصوصی تقریبات کا انعقاد امام باڑہ بڈگام سے متصل مسجد شریف میں کر رہی ہے جس میں موصوف کو انکی برسی پر خراج عقیدت ادا کیا جائے گا۔