سرینگر//حضرت امام حسینؑ کے یوم ولادت باسعادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان اور اتحاد المسلمین کے اہتمام سے وادی بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں جامعہ باب العلم سے منسلک طالب علموں کے علاوہ عوام کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ انجمن کے سربراہ آغا سید حسن ان تقریبات میں شرکت نہ کرسکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء نے حضرت امام حسینؑ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے عوام سے تاکید کی کہ اس کٹھن دور میں اپنے دینی و انسانی فریضے کی انجام دہی کیلئے حسینیؑ کردارکو اپنا شعار بنائیں۔ جن علمانے تقریب سے خطاب کیا ان میں سید محمد حسین موسوی، مولانا مولوی خورشید احمد قانونگو، آغا سیدعقیل،آغا سید عابد حسین حسینی، حکیم سجاد حسین، سید عابد رضوی،حاتم علی میر، سید ارشد موسوی اورآغا سید احمد الموسوی شامل تھے۔ اتحاد المسلمین کے اہتمام سے گنڈ خواجہ قاسم پٹن میں ایک محفل میلاد کا انعقاد ہوا جس میں علمائے کرام، دانشور حضرات اور شعرائے کرام کے علاوہ عاشقان اہلبیت کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علمائے کرام نے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی باعظمت سیرت کریمہ اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور امام عالی مقام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔ اپنے صدارتی خطبہ میں تنظیم کے سربراہ و سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے کہا کہ امام حسینؑ کی سیرت طیبہ کی پیروی مظلومین جہاں کی سپر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی مجاہدانہ زندگی عالم انسانیت کیلئے راہ عمل ہے۔ مولانا عباس نے کہا کہ آج کے دور میں نظام حسینیؑ کی اشد ضرورت ہے تاکہ دور حاضر کے یزیدی نظام کا خاتمہ ہوجائے اور انسانی اقدار کا تحفظ یقینی بن جائے۔