یوم عاشورہ آج ۔9ویں محرم پر بھی جلوس نکالے گئے، وادی بھر میں تعزیہ کے اجتماعات

 بٹہ کدل سے جڈی بل اور میری بحری علاقے میں علم شریف کے جلوس نکالے گئے

 

سرینگر//آج 10ویں محرم الحرام کو یوم عاشورہ منایا جارہا ہے جس کے انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے 8ویں محرم پر 34سال کے بعد گروبازار سے ڈلگیٹ کے روایتی راستے سے عزاداروں کے جلوس کی اجازت دی گئی تھی اور جمعہ کو 9ویں محرم کے موقعہ پر پائین شہر کے متعدد علاقوں میں  تعزیہ کے جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جو دن بھر مرثیہ خوانی کررہے تھے۔9ویں محرم کے موقعہ پر بھی انتظامیہ کی جانب سے جلوس نکالنے پر کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی بلکہ جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کی گئی ۔ جمعہ کع پائین شہر کے شمس واری (نمچہ بل) فتح کدل سے بابا پورہ حبہ کدل براستہ بابہ ڈیمب علم شریف کے جلوس نکالے گئے جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔اسی طرح ایک اور روایتی جلوس جھیل ڈل کے اندرونی علاقوں میں نکالا گیا۔ درجنوں کشتیوں پر سوار عزاداروں کی ایک بہت بڑی تعداد میر بحری علاقے سے نکلی جنہوں نے کشتیوں پر سوار ہوکر امام کربلاؓ کے حق میں نعرے بازی کی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے مرثیہ اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔آج 10محرم کو بھی پائین شہر میں بٹہ کدل سے جڈہ بل تک روایتی جلوس نکالا جارہا ہے جس کے لئے انتظامات کئے جاچکے ہیں۔شعیہ علاقوں میں علم شریف کے جلوسوں میں عزاداروں کی شرکت ممکن بنانے کیلئے ٹریفک کے روٹ تبدیل کئے گئے ہیں جبکہ شیعہ علاقوں میں سیکورٹی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 10ویں محرم کو شہر سرینگر میں سب سے بڑا ذولجناح کا جلوس لال بازار سے عالمگری بازار اور جڈی بل تک نکالا جاتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوتے ہیں۔عزاداروں کے طبی امدازد کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرکاری محکموں کی جانب سے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ کئی رضاکار تنظیمیں بھی اس میں شام ہونے جارہی ہیں۔

 

ٹریفک ایڈوائزری جاری

حکام نے جمعہ کو اعلان کیا کہ عاشورہ (10ویں محرم) کے جلوس کو بوٹہ کدل لال بازار سے جڈی بل میں امام باڑہ تک جانے کی اجازت دی جائے گی ، جس کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق ذوالجناح کا جلوس بوٹہ کدل سے مرکزی امام باڑہ جڈی بل تک نکالا جائے گا، جس سے جڈی بل اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگی۔جڈی بل کی طرف جانے والے ٹریفک کو فردوس سینما، مل سٹاپ، لال بازار، بوٹہ کدل اور چھٹی پادشاہی پر موڑ دیا جائے گا۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ لال چوک سے صورہ کی طرف جانے کا ارادہ رکھنے والے ڈاکٹر علی جان روڈ کو اپنائیں اور زکورہ سے لال چوک کی طرف جانے والے موٹرسائیکل فارشور روڈ کو اپنائیں۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ گوجوارہ سے جڈی بل کی طرف آنے والی گاڑیوں کو فردوس سینما سے ڈاکٹر علی جان روڈ سے سازگری پورہ کی طرف موڑ دیا جائے گا اور لال چوک سے بادام واری کی طرف آنے والی گاڑیوں کو چھٹی پادشاہی سے کاٹھی دروازہ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ لال بازار کے علاقے سے کنی تار،حضرت بل،فورشور روڈ استعمال کریں گے۔

 

 

 لیفٹیننٹ گورنر کا پیغام

عظمیٰ نیوز سروس

 

سرینگر//عاشورہ کے موقع پر، محرم کے 10ویں دن، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حضرت امام حسینؑ کی قربانیوں کو یاد کیا۔اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کربلا میں حق، انصاف اور مساوات کی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی قربانیاں پوری انسانیت کو راہ راست پر چلنے کی رہنمائی کر رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ آئیے اس دن حضرت امام حسین علیہ السلام کے لازوال نظریات کو اپنائیں اور امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔