یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ہائی الرٹ: بی ایس ایف

جموں// یوم جمہوریہ کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو پیش آنے سے روکنے کے لئے بی ایس ایف نے سرحد پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
 
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انٹلی جنس رپورٹس کے پیش نظر بی ایس ایف کو بین الاقوامی سرحد پر ہائی الرٹ پر رکھ دیا گیا ہے۔
 
بیان میں کہا گیا کہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود بھی بی ایس ایف اہلکار سرحد پر بڑے پیمانے پر انٹی ٹنل ڈرائیو اور خصوصی گشت کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 
انہوں نے بیان میں کہا کہ سرحد پر کڑی نگرانی و تسلط کو مزید مستحکم کرنے کے لئے فورسز اہلکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
 
موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سرحد پر مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر گذر رکھی جا رہی ہے اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے کسی بھی نا موافق کوشش کو ناکام بنانے کے لئے فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کے ساتھ مشترکہ گشت بھی جاری ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ جموں بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سر حد پار سے جنگجوؤں کی طرف سے کی جانے والی در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں اور اس دوران اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ منشیات کی بڑی کھیپ بھی ضبط کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔