منجا کوٹ //تحصیل انتظامیہ منجا کوٹ نے آئند ہ یوم جمہوریہ کی تقریبا ت کے سلسلہ میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔تحصیلدار منجا کوٹ جاوید چوہدری ،ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی نے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ کے پرنسپل ودیگر آفیسران و ملازمین کی موجودگی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہونے والی تقریبات کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کی جانب سے کئے جارہے انتظامیہ کا جائزہ لیا ۔غور طلب ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ میں منعقد کی جاتی ہے جبکہ مذکورہ آفیسران نے تعلیمی ادارہ کا دور ہ کرتے ہوئے آفیسران کیساتھ اس سلسلہ میں تفصیلی بات چیت کر کے ضروری ہدایت بھی جاری کیں ۔
یوم جمہوریہ کی آمد
پیر پنچال میں سیکورٹی سخت کر دی گئی
سمت بھارگو
راجوری//یوم جمہوریہ کی آمد سے قبل خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی انتظامیہ کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یوم جمہوریہ سے پہلے تمام پروگراموں کے معقول انعقاد اور کسی بھی عنصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی گرڈ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال یوم جمہوریہ سے پہلے کے دنوں کو سیکورٹی کے لحاظ سے کافی حساس سمجھا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سماج دشمن عناصر کی موجودگی اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ صورتحال مکمل طور پر پرامن رہے، سیکورٹی گرڈ کو بہترین طریقے سے مضبوط کیا گیا ہے اور سیکورٹی آلات ہائی الرٹ پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اندرونی علاقوں میں سیکورٹی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی ضرورت ہے جس میں سڑکوں پر سرپرائز موبائل وہیکل چیک پوائنٹس، ایریا ڈومینیشن گشت، علاقے سے واقفیت گشت اور گاڑیوں کی گشت شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یوم جمہوریہ سے پہلے سیکورٹی ہائی الرٹ ایک معمول کا رجحان ہے لیکن اس سال لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے حالیہ واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی چوکسی برقرار رکھی جارہی ہے