یوم جمہوریہ پر محکموں کوایوارڈ سے نوازنا عوام کیساتھ ناانصافی قرار

گول//گول انتظامیہ کی جانب سے یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے مواقع پر محکمہ جات کے آفیسران ، ملازمین کو تحائف،اسناد سے نوازنے کوعوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے عوام نے  احتجاج کرتے ہوئے محکمہ کی نا قص کارکردگی پر سخت سوال اُٹھائے۔اندھ کی عوام نے زوردار احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ زمینی سطح پر محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کی ناقص کارکردگی سے عوام شدید پریشانیوں سے دوچار ہیں ۔ عوام نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سے پی ایم جی ایس وائی کی ناقص کارکردگی پر مختلف علاقوں کی عوام سال بھر سراپا احتجاج رہتی ہے وہیں یوم ِ جمہوریہ اور یوم ِ آزادی کے دن متعلقہ محکمہ کو یہ بتا کر تعریفی سند سے نوازاجاتا ہے کہ محکمہ متعلقہ نے بہترین کارکردگی انجام دی ہے۔ لوگوں نے اِ نتظامیہ کے اِس اقدام کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ آنکھیں موند کر پی ایم جی ایس وائی کی پیٹھ تھپتھپاتی ہے جس سے محکمہ کی دِلجوئی تو خوب ہوتی ہے لیکن عوام کو کس قدر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اِس پر انتظامیہ کا دھیان ہر گز نہیں جاتا ہے۔پنچایت اندھ کی عوام کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے سڑک رابطوں کی تعمیر ادھوری پڑی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کئی بار محکمہ جا ت کے چیف انجینئروں سے سڑک رابطوں نامکمل تعمیر اور کام کی سست رفتاری کے بارے میں خبردار کیا لیکن آفیسران کو عوام کی یہ آوازگویا ہضم ہی نہیں ہوتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اعلیٰ آفیسران سے سنگلدان تاسروٹ، سروٹ تا اندہ سڑک کو قابل ِ آمدو رفت بنانے کیلئے بارہا گوہار لگائی لیکن ہر بار ہمیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ آفیسران بالا عوام کے کسی بھی مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ اندھ کے مقامی سیاسی رہنما بشیر احمد بٹ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ داچھن سے اندھ جانے والے سڑک پر ناقص مواد کا استعمال کیاجا رہا ہے اِس بارے میں بھی کئی بارانتظامیہ اور محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو آگاہ کیا لیکن ناقص مواد سے ہورہی تعمیر پر بالکل بھی قابو نہیں پایا گیا۔ بٹ احمد بٹ کا کہنا تھا کہ عوام کی ایک بھی بات انتظامیہ کو ہضم نہیں ہوتی ،کسی بھی غیر معیاری کام پر کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، اِس کے بجائے انتظامیہ یوم ِ جمہوریہ اور یوم ِ آزادی کے موقعہ پرانتظامیہ اْن محکمہ جات کو تعریفی سند سے نوزاتے ہیں جن کی ناقص کارکردگی پر سال بھر عوام سراپا احتجاج رہتی ہے۔