محمد تسکین
بانہال // تین مئی کو پریس کی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر فوج کی طرف سے بانہال میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سب ڈویڑن بانہال سے تعلق رکھنے والے درجن بھر صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں پریس کی آزادی کے حوالے سے فوجی افسروں اور صحافیوں نے روشنی ڈالی۔اس موقع پر بانہال میں مقیم راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ کے کمانڈنگ افسر، ان کے سیکنڈ ان کمانڈ موجود تھے اور افسروں نے مقامی صحافیوں کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا زندگی کے ہر شعبے میں لوگوں کی رہنمائی کرتا ہے اور یہاں بانہال میں پریس نے ہمیشہ ہی تعمیر و ترقی اور فوج کی طرف سے عوام کی راحت کے کاموں کی بہترین رپورٹنگ کی ہے۔ جبکہ صحافت کا شعبہ نوجوانوان کو زندگی کے مختلف شعبوں میں علم و ہنر اور بہتری کی راہ دکھانے میں اپنا کردار نبھا رہا ہے۔اس موقع پر پریس کی آزادی کے عالمی دن کے حوالے سے فوج کی طرف سے منعقد کی گئی تقریب کیلئے جرنلسٹ ایسوسی ایشن بانہال نے فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس موقع پر پریس کی آزادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صحافیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نہایت ہی ذمہ داری اور غیر جانبداری سے اپنا فرض انجام دینے کے عزم کو دہرایا ۔ اس موقع پر فوج کی طرف سے تقریب میں موجود صحافیوں کی عزت افزائی کے طور انہیں ٹرافیاں پیش کیں۔ فوج کی طرف سے پریس کی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر بانہال میں منعقد کی گئی تقریب کیلئے جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع رام بن نے فوج کے ایثار کا شکریہ ادا کیا ہے۔