یوم اطفال:محکمہ تعلیم کی جانب سے تقریبات کا انعقاد

 سرینگر//محکمہ سکولی تعلیم کی جانب سے وادی بھر کے سرکاری سکولوں میں جواہر لال نہرو کے جنم دن کی مناسبت سے یوم اطفال کے سلسلے میں  تقریبات کا انعقاد ہوا۔سرینگر کے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ، راجباغ، چھانہ پورہ، سونہ وار ،نواکدل اور ہائر سیکنڈری سکول ایس ایس پی ،ایم پی،جواہر نگر، صورہ۔نواکدل،بٹہ مالوکے علاوہ دیگر ہائی اور مڈل سکولوں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں پر بچوں کے والدین بھی موجودہ تھے ۔ ان تقریبات میں بچوں نے خصوصی لیکچر دیئے جن میں سابقہ آنجہانی جواہر لال نہرو کے بچوں کے تئیںپیا ر اور محبت کا بھر پور اظہار کیا گیا ۔ ان تقریبات کے دوران بچوں نے مختلف مقابلوں میں شرکت کے علاوہ رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔اس موقعہ پرسکولوں کے منتظمین نے بچوں میںمٹھائیاں تقسیم کیں۔ سکولوں کے پرنسپل صاحبان اور ہیڈماسٹر صاحبان نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور ان میں تعلیم کی افادیت اُجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اننت ناگ، کولگام، شوپیان،پلوامہ، بڈگام، گاندربل،بانڈی پورہ، کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں ہزاروں سکولی بچوں کے علاوہ والدین کی ایک بڑی تعداد نے ان خاص تقریبات میں شرکت کی۔ جن میں چیف ایجوکیشن افسران نے بطور مہمان ِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سکولوں کی جانب سے نویں جماعت کے نتائج بھی ظاہر کرکے بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے ولاے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ یاد رہے کہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اس بارے میں پہلے ہی تمام سکولوں کے منتظمین کو یوم اطفال منانے کی ہدایت دی تھی ۔ڈائریکٹر موصوف نے اس دن کا موضوع’’ہمارے بچے ہمارا سکول‘‘ تجویز کیا تھا۔اس موقعہ کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ بچے ہی ہمار امستقبل ہیں اور انکے مستقبل کو تابناک بنانا ہمار افریضہ ہے۔انہوں نے بچوں اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے کام کرنا ہوگا۔ دریں اثناء وادی کے مختلف مڈل سکولوں میں بھی آج اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ادھرگورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈر ی سکول کوٹھی باغ نے آج اس خصوصی تقریب پر نویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی کیا جن میں شاہدہ نے663 ،سکینہ نے 625،شرین شبیر نے624 ،ماریہ نے596 جبکہ افراء محمد نے 556 نمبرات حاصل کرکے بالترتیب اولین سے پانچویں پوزیشن حاصل کی جنہیں پرنسپل نے بعد میں انعامات سے نوازا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی شوپیان کے اہتمام سے محمدیہ انسٹچیوٹ شوپیان میں منائے جارہے یوم اطفال کے سلسلے میںایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ والدین ،اساتذہ ،نرسیں اور ڈاکٹر،سرکاری ملازمین ،سول سوسائٹی کے کارکن،مذہبی رہنما،ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات اور خود بچے سماج کے لئے یوم اطفال کو موزوں موقعہ بنا سکتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ بچے سماج کا ایک اہم حصہ ہیں اس لئے اُن کی طرف توجہ دینا انتہائی لازمی ہے۔تقریب میںڈی ایل ایس اے کے چیئرمین مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ کمشنرریونیو مجید جہانگیر نے مہمان ذی وقار کے طور پر شرکت کی۔