یو این آئی
نئی دہلی// یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کے سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن ( ڈی ایم آر سی ) نے تمام ٹرمینل اسٹیشنوں سے اپنی تمام لائنوں پر صبح 4 بجے سے اپنی خدمات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی ایم آر سی بیان کے مطابق میٹرو ٹرین کی خدمات جمعرات کی صبح 4 بجے سے صبح 6 بجے تک تمام لائنوں پر 15 منٹ کے وقفے سے چلیں گی اور اس کے بعد میٹرو ٹرینیں دن بھر معمول کے ٹائم ٹیبل کے مطابق چلیں گی۔مزید برآں وزارت دفاع کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کیلئے مدعو کئے گئے لوگوں کو میٹرو اسٹیشنوں پر ‘مجوزہ دعوت نامے ‘ اور درست سرکاری تصویری شناختی کارڈ دکھانے کے بعد ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔یہ نظام صرف لال قلعہ، جامع مسجد اور چاندنی چوک میٹرو اسٹیشنوں پر نافذ ہوگا۔ یہی دعوت نامے صرف ان تین اسٹیشنوں سے واپسی کے سفر کے لیے بھی کارآمد ہوں گے۔ مسافروں کو ان انتظامات سے آگاہ کرنے کے لیے ٹرینوں کے اندر باقاعدہ اعلانات کیے جائیں گے۔اس طرح کے سفر کا خرچ ڈی ایم آر سی کو وزارت دفاع کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔