عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں منگل کو جشن آزادی کی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔یہ تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں منعقد ہوئی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری، راجیو کمار کھجوریا نے قومی پرچم لہرایا اور حصہ لینے والے دستوں سے سلامی لی۔دستے میں پولیس بینڈ، سی آر پی ایف، آئی آر پی، جے کے پی، ایف پی ایف، این سی سی، اور اسکول کے دستے شامل تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پریڈ کا معائنہ کیا، بینڈ ڈرل کا مشاہدہ کیا اور دستوں کے مارچ پاسٹ کا جائزہ لیا اور مختلف محکموں کی جانب سے جشن آزادی کو خوش اسلوبی سے منانے کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔طلباء نے حب الوطنی کے موضوعات، ثقافتی روایات اور سماجی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے دلکش ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کیں جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی راجوری نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی حب الوطنی میں قوم کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور انہیں پورا کرنا شامل ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور علاقے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لئے تعاون کریں۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مرکزی تقریب کے دن اور زیادہ مہارت کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تقریبات پورے جوش و خروش کے ساتھ کامیابی سے منعقد کی جائیں۔اے ڈی سی راجوری نے بھی عوام سے یوم آزادی کے موقع پر زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
پونچھ میں یوم آزادی کی فل ڈریس ریہرسل
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں منگلوار کو یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ اس دوران سپورٹ سٹیڈیم پونچھ میں فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔فل ڈریس ریہرسل کی اس تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔طلباء نے لوک رقص اور موسیقی کے علاوہ حب الوطنی اور ثقافتی موضوعات پر مبنی ایک شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیا۔مارچ پاس میں ضلع پولیس ودیگر سکورٹی ایجنسیوںکے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے دستوں نے بھی حصہ لیا۔
ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// صوبہ جموں کے تمام اضلاع کے ساتھ ساتھ ضلع راجوری کے سب ڈویژن تھنہ منڈی میں بھی روایتی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ 78ویں یوم آزادی کی تقریب کیلئے فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جس میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ پر سلامی بھی لی۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت کی مجموعی نگرانی میں ضلع بھر میں نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ دیکھا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تھنہ منڈی کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار طلبہ کی شاندار پریڈ نے سامعین کے دلوں کو موہ لیا۔ اس پروگرام میں علاقہ بھر سے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر پولیس کے دستے نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ تقریب میں فنکاروں اور طالب علموں نے ثقافتی اور ملی نغمے بھی پیش کیے۔ یوم آزادی کی تقاریب سے قبل پورے یو ٹی جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ تھنہ منڈی میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے فل ڈریس ریہرسل کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ، تحصیلدار تھنہ منڈی سید مظاہر علی شاہ، ڈگری کالج کے پرنسپل فاروق احمد، ایس ایچ او تھنہ منڈی ہلال اظہر، بی جے پی منڈل پردھان عبدالغنی شال، میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے تمام ملازمین کے علاوہ تحصیل انتظامیہ، سیاسی و سماجی ورکروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں ، معزیز شہریوں اسکولی بچوں نوجوانوں اور دیگر تمام محکمہ جات کے ملازمین کے علاقہ بھر سے سول سوسائٹی کے ممبران پنچوں سرپنچوں اور کونسلروں کے علاوہ متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی حصہ لیا جبکہ مختلف سکولوں سے آئے ہوئے طلبہ اور دیگر نوجوانوں کی بھی ایک بڑی تعداد اس پروگرام میں موجود تھی۔
یوم آزادی سے قبل مینڈھر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر//یوم آزادی سے قبل امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے حکام کی جانب سے ضلع پونچھ کے سرحدی سب ڈویژن مینڈھر میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے سب ڈویژن بالخصوص پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔مینڈھر، منکوٹ اور بالاکوٹ کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے گشت تیز کر دی ہے جبکہ بھمبر گلی، گرسائی، سنگلا چوک، ٹی سی پی اور منکوٹ میں خصوصی ناکے لگائے ہیں اور نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔پولیس نے حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے بعد سرحدی علاقے میں سیکورٹی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ چیکنگ کے دوران عوام تعاون کرئے اوراگر کوئی بھی مشکوک حرکت یا چیز نظر آتی ہے تو فوری طور پر پولیس کو یا سیکورٹی ایجنسیوں کو اطلا ع فراہم کی جائے ۔
تھنہ منڈی میں بھاجپا دفتر کا افتتاح کیا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ڈی ڈی سی تھنہ منڈی عبدالقیوم میر نے تھنہ منڈی کی خان مارکیٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اسمبلی حلقہ کے ہیڈ آفس کا افتتاح کیا۔ جس کا مقصد جلد ہی ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنا انتخابی منشور تیار کرنے کے لئے مقامی باشندوں سے تجاویز اور خیالات حاصل کرنا ہے۔ تھنہ منڈی میں پارٹی کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب میں پارٹی کے کئی سینئر اراکین اور کارکنوں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر، بی جے پی نے منڈی میں پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح کیا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں تھنہ منڈی کی بہت سی سینئر سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی جن میں بلاک صدر بی جے پی زاہد احمد، ضلع سکریٹری عبدالغنی شال، ضلع نائب صدر تنویر ملک، بلاک صدر ایم آر ایم ڈاکٹر جاوید خان کے علاوہ قاضی قمر اور مقصود صابری کے علاوہ دیگر کئی نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
جموں وکشمیر بھاجپا صدر کی قیادت میں ترنگا ریلی
امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گا :رینہ
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ نے قصبہ پونچھ میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا۔اس دوران بی جے پی کے جموں کشمیر کے پارٹی صدر رویندر رینہ کی صدرات میں پارٹی کے ضلع دفتر سے بریگیڈیئر پریتم سنگھ کی یادگار تک زبردست ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس موقعے پر انہوں نے ترنگا ریلی کی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھنے کی بات کہی۔اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا ہندوستان کی آزادی انتہائی طویل اور صبر آزما جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی ہے اور ہمارے مجاہدین آزادی نے بخوشی اور ہنستے ہنستے موت کو گلے لگاکر انگریزی سامراج کو ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کردیا تھا تب ہمیں یہ آزادی ملی۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں بھی جشن آزادی نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے میں اس موقع پر یہاں کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے ہمیشہ قومی پرچم کو اونچا رکھا ہے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام کیا ہے، یہ جو امن و آمان میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ان کو ہم اگے بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے مجاہدین آزادی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ آج جموں کشمیر کیہر گھر میںمیں ترنگے لہرائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر جموں کشمیر کی عوام کو حب الوطنی کے لئے دل سے مبارک باد دیتا ہوں۔ریلی میں شامل تمام شرکاء نے عہد کیا کہ وہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے اور ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے قیام کے لئے جدوجہد کریں گے۔
ُہائر سیکنڈری ساوجیاں وتعلیمی زون ساتھرہ نے ترنگا ریلی کااہتمام کیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// حب الوطنی اور قومی فخر کے ایک عظیم الشان مظاہرے میں، ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول ساوجیاں،کے کلسٹر ہیڈ اور تعلیمی زون ساتھرہ سے تعلق رکھنے والے متعدد سکولوں کے اساتذہ سمیت زونل ایجوکیشن آفیسرساتھرہ نے یوم آزادی کی جاری تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ترنگا بائیک ریلیوں کا انعقاد کیا۔ساوجیاں کی تقریب میں پورے خطے سے پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی، جس میں 54 موٹر سائیکل اور پانچ کاریں ریلی میں شامل ہوئیں۔ کلسٹر ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے تحت تمام 43 سکولوں نے حصہ لیا جس سے یہ واقعی کمیونٹی پر مبنی ایونٹ بن گیا۔ اس ریلی کا انعقاد ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے پرنسپل انور خان کی رہنمائی اور مجموعی نگرانی میں لال حسین چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کی ہدایت پر کیا گیا۔ اساتذہ، طلباء اور مقامی کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بناتے ہوئے تقریب کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کیا گیا۔ ریلی میں کل 136 اساتذہ نے شرکت کی، نوجوانوں میں حب الوطنی اور قومی اتحاد کے جذبے کو پروان چڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی کا بنیادی مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قومی پرچم کا احترام اور شرکاء اور تماشائیوں کے دلوں میں حب الوطنی کا گہرا جذبہ پیدا کرنا تھا۔ اس طرح کی تقریب منعقد کرکے، اسکول انتظامیہ نے تنوع میں اتحاد کے نظریات کو تقویت دینے کی کوشش کی، جو ہماری قوم کی طاقت کا سنگ بنیاد ہے۔ ریلی کو ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ساوجیاں کے پرنسپل انور خان اور پولیس چوکی ساوجیاں کے انچارج سوشانت سنگھ سمبیال نے رسمی طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی نے 14 کلو میٹر کا راستہ طے کیا، یہ ریلی ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں سے شروع ہو کر کھیت، سندری نالہ، بس سٹینڈ، بری نالہ جیسے اہم مقامات سے گزر کر گلی میدان بس سٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ پورے راستے کو ترنگے سے مزین کیا گیا تھا، کیونکہ ہر موٹر سائیکل اور کار نے فخر سے قومی پرچم کو آویزاں کیا تھا، جس سے ایک متحرک اور حب الوطنی کا ماحول پیدا ہوا تھا۔ ریلی شروع ہونے سے پہلے ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے طلباء نے قومی ترانہ پڑھ کر تقریب کا سماں باندھ دیا۔ اس کے بعد طلباء کی جانب سے ایک ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا جس میں قومی یکجہتی کے موضوع پر روشنی ڈالی گئی۔ پرفارمنس، جس میں حب الوطنی پر مبنی گیت، رقص اور سکٹس شامل تھے، کو خوب پذیرائی ملی اور اس نے ہماری قوم کے تانے بانے کو برقرار رکھنے میں اتحاد اور بھائی چارے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اجتماع سے اپنے خطاب میں انور خان نے نوجوان نسل میں قومی فخر اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ایسی تقریبات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہمارے آزادی پسندوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی اہمیت اور ان اقدار کو برقرار رکھنے کی ضرورت کے بارے میں بات کی جن کے لیے وہ لڑے تھے۔ انہوں نے معاشرے اور قوم کے لیے مثبت کردار ادا کرنے والے ذمہ دار شہریوں کی تشکیل میں تعلیم کے کردار پر بھی زور دیا۔ انور خان نے ریلی کے مقاصد پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ہماری آزادی کا جشن ہی نہیں ہے بلکہ ملک کی سالمیت اور اتحاد کے تحفظ کے لئے ہم سب کی جاری ذمہ داری کی یاد دہانی بھی ہے۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہیں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔
حد متارکہ پر قائم سکول کے بچوں نے ترنگا ریلی نکالی
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں حد متارکہ پر قائم کردہ گور نمنٹ مڈل سکول ڈیری ڈبسی کے بچوں نے ترنگا ریلی کا اہتمام کیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سرکاری سکول صفر لائن پر قائم ہے جو کہ ہندوستاتی قبضہ والے کشمیر کا خطہ میں آخری گائوں بھی ہے ۔سکول میں زیر تعلیم بچوں نے یوم آزادی کی تقریب سے قبل سٹاف ممبران کے اشتراک سے ایک ترنگا ریلی کا اہتمام کیا ۔اس ریلی میں بچوں اور ٹیچروں کیساتھ ساتھ علاقہ معززین بھی شامل تھے ۔ڈیری ڈبسی میں ترنگا ریلی نے ایل او سی (پی او کے) کے دوسری طرف رہنے والے لوگوں کی توجہ بھی اپنی طرف مبذول کروائی جنہوں نے طلباء کے جوش و جذبے اور حب الوطنی کے نہرو کو سنا۔
ُنوشہرہ میں فوج اور سکولی بچوں کی ترنگا ریلی
رمیش کیسر
نوشہرہ//یوم آزادی کی مناسبت سے شروع کی گئی ترنگا ریلی کے سلسلہ میں نوشہرہ سب ڈویژن میں فوج اور سکولی بچوں نے ایک ریلی نکالی ۔غور طلب ہے کہ ہر گھر ترنگامہم ہندوستان کی آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر شہریوں کو اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کی ترغیب دینے کے لئے شروع کی گئی ایک ملک گیر مہم ہے۔اس مہم کا مقصد ہندوستان کے شہریوں میں قومی فخر، اتحاد اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر بھارتی فوج نے نوشہرہ کے سرحدی علاقوں کے دور افتادہ دیہاتوں میں ہر گھر تک ترنگا اور آزادی کا پیغام پہنچانے کی کامیاب کوشش کی جس میں کئی پروگرام منعقد کئے گئے۔گاؤں کے اسکولوں میں پرچم کشائی، پرچم مارچ، اتحاد دوڑ، ترنگا پینٹنگ اور اسکولی شاعری کے مقابلے سمیت بہت سے پروگرام منعقد کئے گئے۔اس تقریب کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا، حب الوطنی کو فروغ دینا، نوجوانوں کو تعلیم دینا، شہریوں کو اکٹھے ہونے اور ہندوستان کی آزادی کا جشن منانے کی ترغیب دینا اور قوم کے تئیں فخر اور وفاداری کے جذبات کو ابھارنا بھی تھا۔ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد اور قومی پرچم کی اہمیت کے بارے میں، خاص طور پر دیہی علاقوں میں شہریوں نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پرچم کے ساتھ ڈیجیٹل طور پر حصہ لیا۔