نئی دہلی// تمام تر کوششوں کے باوجود ملک میں کورونا انفیکشن کا تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور پچھلے 24 گھنٹوں میں کے دوران نئے معاملوں میں 32 ہزار سے زیادہ کے ریکارڈ اضافے کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد 9.68 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔جمعرات کے روز صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 968876 اور مرنے والوں کی تعداد 24915 ہوگئی ہے ۔قومی راجدھانی دلی میں نئے معاملوں کے مقابلے صحت مند ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب صورتحال میں بہتری ہوتی نظر آرہی ہے لیکن مہاراشٹر، تمل ناڈو، کرناٹک، تلنگانہ، اترپردیش، گجرات اور مغربی بنگال میں انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 7975 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 275640 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصے کے دوران 233 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 10928 ہوگئی ہے ۔ وہیں 152613 افراد انفیکشن سے جنگ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچے تامل ناڈو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے معاملے 4496 کے اضافے کے ساتھ 151820 ہوگئے ہیں اور اسی عرصے کے دوران 68 لوگوں کی اموات سے یہ تعداد بڑھ کر 2167 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں 102310 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی صورتحال اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں انفیکشن کے معاملوں میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔
لیبارٹریوں کی تعداد1234ہوگئی
نئی دہلی//ملک بھر میں کورونا وائرس کووڈ-19 کی جانچ کرنے والی لیبز کی تعداد بڑھ کر 1234 ہوگئی ہے ۔صحت وخاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے ذریعہ جمعرات کو جاری اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفکشن کی جانچ کرنے والی لیب کی فہرست میں مزید 11 لیب منسلک ہوگئی ہیں۔اس میں سرکاری لیب کی تعداد 874 اور نجی کی 360 ہے ۔اصل وقتی آرٹی پی سی آر پر مبنی ٹیسٹ لیب اس وقت 635(سرکاری: 392 ، نجی: 243)ہے ، جبکہ ٹرونیٹ پر مبنی ٹیسٹ لیبز کی تعداد 499 (سرکاری: 447 ، نجی: 52)اور سی بی این اے اے ٹی پر مبنی ٹیسٹ لیب 100 (حکومت: 35 ، نجی: 65) ہیں۔
۔3.26لاکھ نمونوں کی جانچ
نئی دہلی//ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دورا ن کورونا وائرس کووڈ-19 کے ریکارڈ 326826نمونوں کی جانچ کی گئی ہے ۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)کے ذریعہ جمعرات کو جاری اعدادوشمار کے مطابق 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 326826نمونوں کی جانچ کی گئی جس سے اب تک جانچ کئے گئے نمونوں کی تعداد بڑھ کر 12739490 ہوگئی۔ملک میں کورونا ٹیسٹ لیب کی تعداد بھی بڑھ کر 1234ہوگئی ہے ۔
صحتیابی کی شرح63.25فیصد
نئی دہلی// ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 20,783 مریضوں نے کورونا وائرس سے نجات حاصل کی ہے جس سے صحتیابی کی شرح بڑھ کر 63.25 فیصد ہوگئی ہے ۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 20 ہزار سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد یہ اعدادوشمار بڑھ کر چھ لاکھ سے زائد 6,12,814 تک پہنچ گیا ہے ۔ملک میں فی الحال کورونا وائرس کے 3,31,146 سرگرم معاملے ہیں۔