سری نگر// وسطی ضلع بڈگام کے سیاحتی مقامات یوسمرگ اور دودھ پتھری میں ان دنوں غیر مقامی اور مقامی سیلانی سیر و تفریح پر آرہے ہیں اور سنو بائیکنگ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال خورشید نے بتایا کہ سیاحتی مقام پر سیلانیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں رواں برس چلہ کلان میں ہی مقامی اور غیر مقامی سیلانی یوسمرگ آرہے ہیں۔اُن کے مطابق محکمہ سیاحت کی جانب سے سنو بائیکنگ کی سہولیات میسر رکھنے کے بعد سیاحوں میں کافی جوش و خروش نظر آرہا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ غیر مقامی اور مقامی سیلانی سنو بائیکنگ کے ذریعے قدرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ادھر چیف ایگزیکٹیو آفیسر دودھ پتھری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نرگس سریا نے بتایا کہ سیاحتی مقام پر غیر مقامی سیلانی جوق در جوق آرہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال چلہ کلان میں ہی سیاح یہاں سیر وتفریح پر آرہے ہیں اور جوں جوں موسم بہتر ہوگا تو سیلانیوں کی تعداد بھی بڑھے گی جس سے یہاں سیاحت سے جڑے افراد کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ غیر مقامی سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی سیلانی بھی سنو بائیکنگ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔دودھ پتھری سیاحتی مقام پر سیاحوں کو مواصلاتی رابط قائم کرنے میں مشکلات پیش آنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نرگس سریا نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہی فراہم کی گئی ہے .انہوں نے بتایا کہ ہمیں اُمید ہے کہ دودھ پتھری میں بہت جلد مواصلاتی ٹاور نصب ہوگا جس سے یہاں آنے والے سیلانیوں کو مشکلا ت کا سامنا نہیں کرناپڑے گا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ موسم میں بہتری کے ساتھ سیلانیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے سبھی انتظامات مکمل کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دودھ پتھری سیاحتی مقام کی اور سیلانیوں کی توجہ مبذول کرانے کی خاطر بھی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔دریں اثنا سیاحت سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ دودھ پتھری اور یوسمرگ سیاحتی مقامات پر مقامی اور غیر مقامی سیلانیوں کی تعداد میں اضافہ سے وہ خوش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال چلہ کلان میں ہی سیاحتی مقامات پر غیر مقامی سیلانی برف باری کو دیکھنے کے لئے آرہے ہیں اور ٹورازم محکمہ نے بھی اُنہیں سہولیات فراہم کرنے کی خاطر سبھی تیاریاں کی ہوئی ہیں۔اُن کے مطابق ہمیں یقین ہے کہ رواں سال کے دوران بڑی تعداد میں غیر مقامی اور غیر ملکی سیاح جموں وکشمیر کی سیر وتفریح پر آئیں گے ۔
یوسمرگ اور دودھ پتھری میں مقامی اور غیر مقامی سیلانیوں کا بھاری رش
