یاترا مذہبی رواداری کی علامت لیفٹیننٹ گورنر کی’ پرتھم پوجا ‘میں شرکت

  نیا لوگو، سوچھ یاترا ترانہ ، موبائل ایپلیکیشن اور’صفرفضلہ یاترا ‘اقدامات کا آغاز : سنہا

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سنیچر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ امرناتھ یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پر ‘پرتھم پوجا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام لوگوں کی اچھی صحت، ترقی اور بھلائی کے لیے دعا کی۔میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے عقیدت مندوں کے لیے یاترا کے مجموعی تجربے میں معیاری بہتری لانے کے لیے انتظامیہ اور شرائن بورڈ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ افسران اور متعلقہ محکمے یاتریوں کو بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ضروری سہولیات، انفراسٹرکچر اور سیکورٹی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم یاترا ہموار، محفوظ اور پریشانی سے پاک ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے تمام روشن خیال شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے استقبال اور خدمت کے لیے اکٹھے ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی یہ قدیم روایت رہی ہے کہ تمام برادریوں کے لوگ بلا لحاظ مذہب اس یاترا میں شرکت کرتے ہیں۔اس سال، یاترا 29 جون سے اننت ناگ ضلع کے پہلگام ٹریک اور گاندربل ضلع کے بالتل دونوں راستوں سے بیک وقت شروع ہوگی۔
سوچھ یاترا اقدامات
ادھر لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں امرناتھ یاترا 2024 کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف دیہی صفائی ستھرائی کے مختلف سوچھ اقدامات کا آغاز کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نیا لوگو، سوچھ یاترا کا ترانہ، ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن زیرو فضلہ یاترا کے ہمارے مقصد کو بہت فائدہ پہنچائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ اور شرائن بورڈ کی مربوط حکمت عملی پر روشنی ڈالی جس کا مقصد صفر فضلہ، صاف اور موثر صفائی کا نظام اور قدرتی وسائل اور ماحولیات کا مکمل تحفظ ہے۔انہوں نے کہا”جموں و کشمیر پائیدار سیاحت کو فروغ دینے میں سب سے آگے ہے۔ اس مقدس یاترا کے لیے، ہم نے ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کے امتزاج کے ذریعے ایک حل پر کام کیا ہے‘‘۔نئی کوششوں پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لوگو ” یاترا کو یادگار بنانے کے عزم کی علامت ہے۔انہوں نے ان اقدامات کی بھی تعریف کی جن کا مقصدیاتریوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چل امرناتھ کا ترانہ روحانیت، قدرتی ورثہ اور ماحولیات کے امتزاج کی علامت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر سالانہ یاترا کے پیش نظر تمام مطلوبہ سہولیات کی تنصیب کے لیے سرشار کوششیں کریں۔انہوں نے صفائی اور حفظان صحت کے بارے میں صفائی کارکنوں کو حساس بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹھوس فضلہ اور پائپ کے ذریعے پانی اور بجلی کے کنکشن، لائٹنگ، اور تمام بیت الخلا میں ضروری سہولیات کی دستیابی کے ماحول دوستانہ ٹھکانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔