نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون میں نئے تشکیل شدہ ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں شرائن بورڈ کے تمام ممبران مہمند لیشور شری سوامی وشو یشورا ننگ گریجی مہاراج، بلیشور رائے ، ڈاکٹر اشوک بھان، کلبوشن آہوجا ، ڈاکٹر نیلم سرین ، کے کے شرما،سریش کمار شرما ( ریٹائرڈ جج) اور رگھو کے مہتا نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے تشکیل نو بورڈ کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے، سابق اراکین کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور ان کے عزم اور قابل قدر شراکت کی ستائش کی۔دورانِ میٹنگ بورڈ نے عقیدت مندوں کی یاترا کو بغیر کسی پریشانی کے بنانے کے لئے سہولیات سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں منظوری دی۔ شرائن بورڈ کے نئے ممبران نے یاتریوں پر مرکوز سہولیات کو ترقی دینے اور مسلسل اَپ گریڈ کرنے کے لئے اَپنی قیمتی تجاویز دیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان اور بیرون ملک سے پوتر شرائین پرآنے والے عقیدت مندوں کی تعداد مسلسل ریکارڈ توڑ رہی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ نئی سہولیات اور اَپ گریڈیشن کے کام اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دنیا بھر کے یاتریوںکو جدید ترین سہولیات تک رَسائی حاصل ہو اور مقامی معیشت اور یاترا کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو۔ لیفٹیننٹ گورنر نے شرائن بورڈ کے جاری پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے دُرگا بھون سمیت جاری پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے سی ای او سے کہا کہ رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو ہیلتھ انشورنس سکیم کے دائرے میں لایا جائے ۔ادھرچیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی 11 ویں میٹنگ کی صدارت کی تا کہ شری یاترا 2022 کو محفوظ اور پریشانی سے پاک کرنے کی تیاریوں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر سے کہا گیا کہ وہ منی گام ، شادی پورہ اور قریبی علاقوں میں اضافی ہولڈنگ اور قیام کے علاقوں کی نگرانی کریں ۔ مزید دونوں ڈویژنل کمشنروں سے کہا گیا کہ وہ یاترا کے راستے میں ٹرانزٹ کیمپوں میں رکھے جانے والے انتظامات کی نگرانی کریں ۔ ان سے کہا گیا کہ وہ پورے قومی شاہراہ اور تمام ٹرانزٹ کیمپوں میں ٹائیلٹ بلاکس کی فعالیت کو یقینی بنائیں ۔ ان سے مزید کہا گیا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر متعلقہ ٹریفک منیجمنٹ پلان تیار کریں اور ٹریفک قوانین اور اصولوں کو نافذ کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر یاترا کے قافلے کی وقتی نقل و حرکت کو یقینی بنائیں ۔