ہی وگن۔ بہوردار رابطہ سڑک پر ناجائز تعمیرات ہٹانے کے احکامات 18 مہینے بعد بھی تشنہ عمل

بانہال // ضلع رام بن میں سب ڈویژن رامسو کے نیل علاقے میں پرائم منسٹرگرامین سڑک یوجنا کے تحت ہی وگن۔ بہوردار رابطہ سڑک پر غیر قانونی تعمیرات کھڑا کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔خیال رہے کہ اس سڑک کی تعمیر پچھلے پانچ سال سے جاری ہے اور اس روڈ کا کچھ حصہ قابل آمدورفت بھی ہے۔ بہوردار نیل سب ڈویڑن رامسو کے مقامی لوگوں کاالزام ہے کہ اس رابطہ سڑک پر چند افراد کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کھڑی کرکے دکانیں تعمیر کی گئی ہیں اور اگست 2020 میں مبینہ طور کھڑے کئے گئے غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹانے کے احکامات دیئے گئے ہیں لیکن ڈیڑھ سال کا عرصہ ہونے کو آرہا ہے اور متعلقہ محکمہ کے احکامات حکمِ نواب تا در نواب ثابت ہوئے ہیں۔ بہوردار نیل کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور تحصیلدار رامسو کو تحریری طور دی گئی درخواستوں اور احکامات کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پرائم منسٹر گرامین سڑک یوجنا ڈویژن بانہال  کے ایگز یکٹیو انجینئرنے اگست 2020 میں ایک نوٹس کے ذریعے دو افراد کو ہی وگن۔ بہوردار رابطہ سڑک پر کھڑی کی گئی غیرقانونی تعمیرات کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی لیکن سال 2022 کا عمل شروع ہونے کے باوجود بھی پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے لکھے گئے اس خط پرکوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قریب ڈیڑھ سال قبل تحصیلدار رامسو کے حکم پر نائب تحصیلدار رامسو نے موقع پر آکر جاری تعمیراتی کام کو بند بھی کرایا تھا لیکن لا قانونیت کی انتہا یہ کہ نئی دکانیں بھی تعمیر ہوکر کھڑی کی جا رہی ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے کچھ بھی نہیں کر پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے قریب پانچ سال سے ہی وگن۔ بہوردار رابطہ سڑک زیر تعمیر ہے اور اس سڑک سے رامسو کے نیل علاقے کے بہوردار، گگونی ، سرنگہ ، ڈھک ، کھاروان اور گگڑ ناگ کی بستیوں کو جوڑنے کا ہدف ہے لیکن پنچایت بہوردار میں چند مقامی زمینداروں نے سڑک کیلئے دی گئی اراضی میں ہی دکانیں کھڑی کی ہیں اور نئی دکانوں کی تعمیر کا عمل بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکام سے ان کی التجاء ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے اور سڑک کو دی گئی اراضی کو بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن ، ایس ڈی ایم رامسو اور گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہی وگن۔ بہوردار سڑک سے غیر قانونی تعمیرات کو جلد از جلد منہدم کردیا جائے اور سڑک کی اصل شکل بحال کی جائے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم رامسو کی خالی کرسی کے پیش نظر یہ معاملہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ رامسو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن کے دفتر سے اٹھانے کی کوشش بار آور ثابت نہیں ہوسکیں۔