ہیکروں کی امریکی کمپنی سے7کروڑ ڈالر کی مانگ

 واشنگٹن //امریکا میں سائبر حملہ کرنے والے ہیکروں نے کمپنی سے 7کروڑ ڈالر مانگ لیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریول نامی ہیکروں کے گروپ کی جانب سے جمعہ کے روز ہونے والے سائبر حملے کے نتیجے میں دنیا بھر کی ہزاروں کمپنیوں کا کاروبار معطل ہے۔ کارروائی کے دوران دنیا کی مختلف کمپنیوں کو آئی ٹی خدمات فراہم کرنے والی فرم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے کے بعد 17ممالک میں سیکڑوں کمپنیوں کے آن لائن نظام متاثر ہو ئے۔ اس گروپ نے حال ہی میں جے بی ایس میٹ پراسیسنگ کمپنی کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد کمپنی نے اسے ایک کروڑ 10لاکھ ڈالر تاوان ادا کیا تھا۔ حالیہ سائبر حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس ہیکنگ کی کارروائی میں ماسکو حکومت ملوث پائی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خبررساں اداروں کے مطابق متاثرہ امریکی کمپنی کاسییا فرم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں تمام براعظموں میں کئی کمپنیوں کے سسٹم کو ہیک کیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں میں مالیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ سفری خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں اور عوامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے بھی شامل ہیں۔ سوئیڈن میں گروسری چین کوپ کے مطابق اتوار کے روز بھی ان کی 80سے زائد شاخیں بند رہیں۔