ہیٹ ٹرک لگانے اترے تین ممبران پارلیمنٹ

پٹنہ // بہار میں چھٹے مرحلہ کے آٹھ پارلیمانی حلقوںمیں ہونے والے انتخاب میں جہاں تین سیٹ پر قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی اہم حلیف جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے تین موجودہ ایم پی ہیٹرک لگانے کیلئے زور آزمار ہے ہیں وہیں مہاگٹھ بندھن نے ان کی کامیابی کے رتھ کو روکنے کی ذمہ داری نئے امیدواروں کو سونپی ہے ۔ ریاست میں چھٹے مرحلہ میں 12 مئی 2019 کو والمیکی نگر ، مغربی چمپارن ، مشرقی چمپارن ، شیوہر ، ویشالی ، گوپال گنج ، سیوان اور مہاراج گنج میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ان تینوں سیٹ پر مغربی چمپارن ، مشرقی چمپارن اور شیو ہر ایسی سیٹیں ہیں جہاں بی جے پی کے موجودہ ایم پی ڈاکٹرسنجے جیسوال ، رادھاموہن سنگھ اور رما دیوی جیت کی ہیٹرک لگانے کے ارادے سے انتخابی میدان میں ہیں۔ وہیں مہا گٹھ بندھن نے ان کے منصوبوں پر پانی پھیرنے کیلئے نئے امیدوارو ں کو انتخابی میدان میں اتاراہے ۔  مغربی چمپارن سے بی جے پی کے موجودہ ایم پی ڈاکٹرجیسوال نے سال 2009 کے عام انتخاب میں لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے امیدوار اور فلمساز پرکاش جھا کو شکست دی تھی ۔ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) سپریمو لالو پرساد یادو کے سالے کانگریس امیدوار انیرودھ پرساد عرف سادھو یادو تیسرے نمبر پر رہے ۔ اس کے بعد سال 2014 میں بھی ڈاکٹر جیسوال نے جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کی ٹکٹ پر قسمت آزمارہے مسٹر پرکاش جھا کو دھول چٹادی تھی ۔ سال 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں ڈاکٹر جیسوال کا مقابلہ مہا گٹھ بندھن کی جانب سے راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آرایل ایس پی ) کے امیدوار ڈاکٹر برجیش کمار کشواہا سے ہوگا۔  مشرقی چمپارن سیٹ سے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر رادھاموہن سنگھ ایک بار پھر نئے جوش وخروش کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے ہیں ۔ سال 2009 کے انتخاب میں مسٹر سنگھ نے ( آرجے ڈی امیدوار ) اکھلیش پرساد سنگھ اور سال 2014 میں آرجے ڈی امیدوار ونود کمار شری واستو کو ہرایا تھا۔ اس بار مسٹر سنگھ کا مقابلہ کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ کے بیٹے اور ( آر ایل ایس پی ) امیدوار آکاش کمار سنگھ سے ہوگا۔  شیو ہر سیٹ پر جیٹ کی ہیٹ ٹرک لگانے کے ارادے سے بی جے پی امیدوار رما دیو ی میدان میں ہیں ۔ سال 2009 میں مسز رما دیو ی نے بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) امیدوار محمد انوار الحق اورسال2014 میں بھی آرجے ڈی امیدوار مسٹر حق کو شکست دے کر مسلسل دو مرتبہ اس سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے ۔