ہیرو آئی لیگ: رئیل کشمیر نے نیروکا فٹ بال کلب کو 1-0 سے شکست دے دی

 سری نگر/قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ ہیرو آئی لیگ کے 79 ویں میچ میں بدھ کے روز سری نگر کے ٹی آر سی گراؤنڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں میزبان ٹیم رئیل کشمیر نے نیروکا فٹ بال کلب کو ایک – صفر سے شکست دے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔رئیل کشمیر کی طرف سے دانش فاروق نے واحد اور فیصلہ کن گول داغا۔ انہوں نے میچ کے 42 ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔رئیل کشمیر کا یہ 14واں میچ تھا جن میں سے اس نے 6 میچ جیتے ہیں، 4 ہارے ہیں جبکہ 4 میچ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوئے ہیں۔ یہ میچ جیت کر رئیل کشمیر نے 22 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے۔نیرو کا فٹ بال کلب کا یہ 15 واں میچ تھا جن میں سے اس نے 4 جیتے ہیں، 8 ہارے ہیں جبکہ 3 میچ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوئے ہیں۔ یہ فٹ بال کلب 15 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں پوزیشن پر فائز ہے۔قبل ازیں 29 فروری کو رئیل کشمیر اور ایزوال کے درمیان کھیلا گیا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔یو این آئی