ہُنر کاری کیلئے جموںوکشمیر یوٹی اور ایل ٹی ایس یونیورسٹی کے درمیان اشتراک خطے کی ترقی کیلئے ہُنر مند افراد کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت: بھٹناگر

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کل جموںوکشمیر یوٹی اور لامرین ٹیک سکلز یونیورسٹی ( ایل ٹی ایس یو) کے درمیان جموںوکشمیر میں سکل ڈیولپمنٹ سیکٹر کے لئے اشتراک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایل ٹی ایس یو کی اِنتظامیہ کے ساتھ مشترکہ مفاہمت کے ذریعے جموںوکشمیر میں تکنیکی تعلیم شعبے کو ترقی دینے پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ ایل ٹی ایس یو اور جموںوکشمیر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان اشتراک بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ جموںوکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آنے والے برسوں میں اِس خطے کو ہنر مند اَفرادی قوت کی ایک بڑی تعداد کی ضرورت ہوگی۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ نئی صنعتی پالیسی نے جموںوکشمیر کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے اور کچھ سرکردہ صنعت کار یہاں اَپنے کاروباری منصوبے قائم کرنے جار ہے ہیں۔مشیر موصوف نے ایل ٹی ایس یو کے ساتھ اشتراک کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے یونیورسٹی کی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ یہاں کے مقامی منظر نامے کا گہرائی سے تجزیہ کریں ۔ اُنہوں نے اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ یہاں بھی آئی ٹی شعبے پر توجہ دیں کیوں کہ اِس خطے میں اِس شعبے میں کافی گنجائش موجود ہے۔مشیرراجیور ائے بھٹناگر نے یونیورسٹی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ دیگر شعبوں جیسے سیاحت ، ہائیدرو پاور ، تعمیرات اور دیگر میں اِمکانات تلاش کریں تاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ درجے کی مہارتیں فراہم کی جاسکیں اور ان کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں ۔ اُنہوں نے ایل ٹی ایس یو کے نمائندوں سے یہ بھی کہا کہ وہ یہاں کے پیرا میڈیکل سٹاف کو بہتر بنانے کے اِمکانات تلاش کریں کیو ں کہ اِس خطے نے گذشتہ چند برسوں میں صحت شعبے میں اہم سنگ میل عبور کئے ہیں اور اِس کی اعلیٰ تربیت کی بہت ضرورت ہے۔