ہوکر سر آبی پناہ گاہ کی حد بندی شروع

سرینگر//سرینگر انتظامیہ نے ہوکر سر آبی پناہ گاہ کی حد بندی کا عمل شروع کیا ہے جو کہ سرینگر ضلع کی حدود میں آتا ہے۔اس سلسلے میں مختلف محکموں کے آفیسران پر مشتمل ایک 88ممبری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ اگلے ہفتے سے کام شروع کرے گی اور کام کو ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ان باتوں کااظہار کل ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا ۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ ہوکر سر آبی پناہ گاہ کے جنوبی اور شمالی علاقے میں دوحدود ہیں جو کہ ضلع بڈگام اور ضلع سرینگر کے تحت آتے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر میں ناربل سے زینہ کوٹ علاقے تک حد بندی کا کام شروع کیا جائے گا۔سرکار کی طرف سے آبی پناہ گاہ کی حد بندی کرنے کے سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے تحت کام شروع کیا جارہا ہے۔دریں اثنأ ضلع انتظامیہ نے ہوکر سر جھیل کے 500میٹر کے دائرے تک کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔پابندی کا مقصد اس تاریخی جھیل کی عظمت رفتہ کو بحال کرنا ہے۔