ہوکر سر آبگاہ کے گرد و نواح میںلوگوںکوہراساں کرنے کا الزام

 سرینگر//اپنی پارٹی نائب صدر غلام حسن میر نے ہوکرسر آبگاہ کے تحفظ وترقی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف پرزور دیا ہے کہ سویہ بگ اور دیگر ملحقہ علاقہ جات کے ملکیتی زمینداروں کے لئے کسی قسم کی مشکلات نہ پیدا کی جائیں۔علاقہ جات کے زمین مالکان کا ایک وفد پارٹی دفتر لال چوک سرینگر میںغلام حسن میر سے ملاقی ہوا اور بتایاکہ محکمہ وائلڈ لائف کے فیلڈ ملازمین جو کہ آبگاہ کے رقبہ کو بازیاب کرنے کی آڑ میں جائز مالکان جن کی اپنی ملکیتی زمین ہے، کے جبری انخلاء کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفد نے بتایاکہ متعدد غریب کسانوں کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف نے کئی ایف آئی آر درج کرائی ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی ملکیتی زمین چھوڑنے سے انکار کیا۔ وفد کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اپنی پارٹی سنیئرلیڈر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اِس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے ترجیحی بنیادوں پر اِس کو حل کریں اور سویہ بُگ وملحقہ علاقوں کے سراپا احتجاج اراضی مالکان کے مسائل کا ازالہ کیاجائے۔