ہوٹل، ریستوان، پولٹری اور مٹھائی کی دکانوں میں کیا صفائی مکمل ہے؟

پرویز احمد
سرینگر //وادی میں محکمہ فوڈ اینڈ سیفٹی میں رجسٹرڈ 2449بیکری ، مٹھائی، قصاب ، ریستواران اور ہوٹلوں میںصرف 89کو صفائی و ستھرائی کیلئے ہائی جین ریٹنگ فراہم کی گئی ہے۔صفائی کی بنیاد پر درجہ بندی حاصل کرنے والوں کا تعلق سرینگر ضلع سے 40،بڈگام میں 4، بارہمولہ میں 11 اور اننت ناگ کے 31دکاندار شامل ہے جبکہ دیگر اضلاع گاندربل، کپوارہ ، بانڈی پورہ، پلوامہ، کولگام اور شوپیان میں کسی کو بھی بیکری فروش، مٹھائی فروش، پولٹری فراہم کرنے والے کو صفائی کیلئے ہائی جین ریٹنگ نہیں ملی ہے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ’’Save‘‘ کے تحت ملکی سطح پر غذائی اجناس بنانے والے اور فروخت کرنے والے بیکری اور مٹھائی فروشوں، ہوٹلوں، ریستوران ،گوشت فروشوں اور دیگر کھانے والی  چیزیں فروخت کرنے والے افراد کے حفظان صحت  کے اقدامات  اٹھانے کیلئے ہائی جین ریٹنگ اجراء کی جاتی ہے لیکن وادی میں ابتک صرف 84افراد کو ریٹنگ دی گئی ہے۔حفظان صحت جن میں صفائی و ستھرائی، غذائی اجناس بنانے والے کاریگروںکی ذاتی صفائی ، بنیادی ڈھانچہ،سٹوریج ، کولڈ سٹوریج اور دیگر ضروری ساز و سامان پرکھنے والی درجہ بندی میں 89دکانداروں میں سے 84کو مختلف درجہ بندی کے اسناد جاری کی گئی ہیں جبکہ 5دکاندار اور تجارتی مراکز میں کئی خامیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وادی میں ہائی جین ریٹنگ اجراء کرنے کیلئے تعینات نوڈل آفیسر سعید دلپراز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’وادی میں 370گوشت فروخت کرنے والے، 174بیکری اور مٹھائی کی دکانیں اور 1905ہوٹل اور رستوران کی دکانیں محکمہ فوڈ سیفٹی سے تسلیم شدہ ہیں اور ان میں سے صرف 86دکانداروں اور بیکری بنانے والوں نے ہائی جین ریٹنگ کیلئے درخواستیں جمع کرائی تھی ‘‘۔انہوں نے بتایا ’’ ہائی جین ریٹنگ کیلئے تمام کار خانہ داروں اور دکانداروں کو از خود سامنے آنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی دکاندار کی رپورٹ منفی آتی ہے تو اس رپورٹ میں خامیوں کا ذکر ہوتا ہے اور وہ دکاندار خامیاں دور کرکے دو بارہ ہائی جین ریٹنگ حاصل کرنے کیلئے  درخواست جمع کر سکتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ ہلال احمد میر نے کہا کہ ہائی جین ریٹنگ حاصل کرنے والوں کو 2سال تک معائنہ کی چھوٹ ملتی ہے لیکن افسران شکایت ملنے پر دوبارہ ان کارخانوں کا معائنہ کرسکتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہائی جین ریٹنگ حاصل کرنے سے  دکانداروں کے کام میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور بازار سے مضر صحت بیکری، مٹھائیوں ، گوشت، پولٹری وغیر کا خاتمہ ہوتا ہے۔