ہونہار طالبات کی فیس معاف کرنے کا اعلان

راجوری//اعلیٰ تعلیم میں طالبات کے اندراج کو بڑھانے کے مقصد کیلئے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے تمام پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں آنے والے تعلیمی سیشن کے دوران یونیورسٹی میں داخلہ میرٹ لسٹ کی بنیاد پردو اعلیٰ مقام حاصل کرنے والی طالبات کیلئے ٹیوشن فیس میں 50 فیصد معافی کا اعلان کیا۔یونیورسٹی کی جانب سے مذکورہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اکبر نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کا فروغ تعلیمی پالیسی کا بنیادی جزء ہے ۔پروفیسر اکبر نے کہاکہ ہونہار طالبات کومدد دینے کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے اور لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے ومضبوط کرنے کے مقصد سے، بی جی ایس بی یو نے آنے والے تعلیمی سیشن میںیونیورسٹی کی طرف سے تمام پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلہ کی میرٹ لسٹ ’’ٹاپ ٹو رینک ‘‘ہولڈر طالبات کیلئے ٹیوشن فیس کی 50 فیصد چھوٹ کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ یہ اقدام نوجوان خواتین کو اعلیٰ مقام حاصل کرنے اور اپنا اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کی ترغیب دے گا۔