ہونڈی گلی چھونگا میں محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ

 مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھونگا ہونڈی گلی میں محکمہ جنگلات کی ٹیم پر مبینہ طورپر کئے گئے حملے میں محکمہ کے 6ملازمین زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے زخمی ملازمین کو ہسپتال منتقل کر کے معاملہ درج کرلیا ہے ۔محکمہ نے بتایا کہ کچھ افراد کی جانب سے جنگلاتی اراضی میں مبینہ طورپر تعمیر ات کی جارہی تھی تاہم محکمہ کے ملازمین ایف او محفوظ احمد کی قیادت میں مذکورہ تعمیرات کو ہٹانے کیلئے ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی تاہم مکینوں کی جانب سے کئے گئے حملے میں ملازمین کی ٹیم کے اراکین زخمی ہوگئے ۔پولیس کو واقعہ کی اطلاع موصول ہو نے کے بعد ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور زخمی ملازمین کو سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کر دیا جہاں پر ان کا علام معالجہ کیا جارہا ہے ۔حملے میں زخمی ہونے والے ملازمین میں فارسٹر محفوظ احمد ،محمد بشیر ،نیاز احمد ،مشتاق احمد ،لیاقت حسین اور افطار حسین شامل ہیں ۔رینج آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں ایک معاملہ درج کروایا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔