ہوری کدل میں بھیانک آتشزدگی | شاپنگ کمپلیکس اور مسجد شریف کو نقصان

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں اتوار کی سہ پہر کو آگ کی ایک بھیانک واردات کے دوران شاپنگ کمپلیکس اور مسجد شریف کو نقصان پہنچا۔اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بہوری کدل میں اتوار کی سہ پہر کو شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پاس ہی موجود مسجد شریف کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔شہر سری نگر کے تمام اسٹیشنوں میں تعینات فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار اور 15گاڑیاں آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بہوری کدل میں شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی اور بعد ازاں مسجد شریف سے بھی آگ کے شعلے بلند ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ گنجان آبادی کے باعث آگ نے کئی عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ان کے مطابق 15فائر ٹینڈر وں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔یہ رپورٹ فائل کرنے تک بہوری کدل میں آگ بجھانے کی کارروائی جاری تھی۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

جمعیت اہلحدیث کااظہار افسوس
سرینگر/ جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے تاریخی جامع اہلحدیث بازار مسجد بہوری کدل میں آتشزدگی کی ہولناک واردات پر گہرے کرب و اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی دینی ورثے کی حفاظت فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ میں اس وقت دارالحدیث سلفیہ رام بن کی سالانہ تعلیمی کانفرنس کے سلسلے اپنے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی اور دیگر رفقا ء کے ہمراہ رام بن میں ہوں اور جوں ہی یہ دل دوز خبر سنی تو قلوب رنج و غم سے بھر گئے اور اس معروف مرکز عبادت کی رخشندہ تاریخ آنکھوں میں پھرنے لگی ۔یہی وہ تاریخی ورثہ ہے جہاں مدتوں علامہ غلام نبی مبارکی علیہ رحمہ اپنے مخصوص لب و لہجے میں قران و سنت کی ترویج و اشاعت کرتے رہے جہاں ان کے خطابات کے دوران تل دھرنیکو جگہ نہیں ہوتی تھی ۔