ہنگنی رامسو میں بجلی کرنٹ لگنے سے گائے ہلاک

بانہال // رامسو کے ہنگنی علاقے میں ریلوے کو تعمیر کرنے والی کمپنی افکان کی لاپرواہی کی وجہ سے ایک دودھ دینے والی گائے بجلی کے کھمبے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی ہے جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق وہاں راہ چلتے کئی افراد بال بال بچ نکلے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہنگنی کے مقام بجلی کے ایک کھمبے میں پچھلے کافی عرصہ سے کرنٹ کی اطلاع تھی اور اس کی بروقت اطلاع تعمیراتی کمپنی افکان کو دی گئی لیکن انہوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بارش کی وجہ سے بجلی کے کھمبے میں کرنٹ کی وجہ سے عبدالغنی ولد شکا گوجر ساکنہ ہنگنی رامسو کی گائے موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ وہاں موجود کئی لوگ بال بال بچ نکلے۔ انہوں نے اس لاپرواہی میں تعمیراتی کمپنی کے اہلکاروں کے خلاف قانونی کاورائی کی اپیل کی ہے۔