پلوامہ//اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹر آف انویشن اینڈ اینٹرپرنیورشپ ڈیولپمنٹ نے انڈسٹرئل ایسوسی ایشن لاسی پورہ کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے تاکہ ہنروں کے فروغ،اینٹری پرنیورشپ اوراختراع میں اشتراک کیاجائے۔اس کا مقصداسلامک یونیورسٹی کے طلاب کوکثیرصنعتی انٹرنشپ فراہم کرنے کے علاوہ لاسی پورہ صنعتی بستی میں چھوٹے اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کوتعاون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تجارت کو اختراع کرکے فروغ دیں۔اس موقعہ پر اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشومہمان خصوصی تھے۔انہوں نے اس مفاہمت نامے کو ماہرین تعلیم اورصنعتوں کے درمیان اشتراک کاایک سنگ میل قراردیااورکہا کہ قومی تعلیمی پالیسی2020کے نفاذ میں درپیش مشکلات ماہرین تعلیم اورصنعتوں کوطلاب کے ہنروں میں نکھار لانے کا موقعہ فراہم کرتے ہیںاور اس سے دونوں کو فائدہ ہوگا۔پروفیسر رومشو نے اس موقعہ پر اعلان کیا کہ اسلامک یونیورسٹی میں اکیڈیماانڈسٹریل کونسل قائم کی جائے گی جس میں صنعتی قیادت کی بھی نمائندگی ہوگی اور کونسل ہنروں پر مبنی اوربازار میں چلنے والے کورس شروع کرنے میں مدددے گی جو قومی تعلیمی پالیسی سے ہم آہنگ ہوں گے۔