ہند نوازوں کو 13 جولائی کے شہداء سے کوئی نسبت نہیں :شبیر شاہ

 سرینگر//فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ اقتداری سیاست کے پرستاروںکو ان شہداء کے مشن سے کوئی سروکار نہیں ان شہداء نے کسی کو اقتدار پر براجمان کرنے یا کسی خاص شخص کو قوم و ملت کی گردنوں پر سوار کرنے کے لئے عزیز جانوں کی قربانیاں پیش نہیں کی ہیں ۔ ۱۳ جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے اور ان کے مشن سے وفاداری کے اظہار کے لئے مزار شہداء پر حاضری دینے اور شہداء کے حق میں دعا کی اپیل کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ریاست کاسیاسی مستقبل طے ہونا ابھی باقی ہے اور ان شہداء کا مشن تب تک تشنہ تکمیل ہے ،جب تک ریاست کے لوگوں سے ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں رائے نہیں پوچھی جاتی ۔شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میںکہا کہ اقتدار کے مزے لوٹنے والے ان شہداء کے وارث نہیں ہوسکتے کیونکہ ان شہداء نے جو خواب دیکھے تھے ،انہیں ان لوگوں نے اپنے اختیار و اقتدار کی خاطر دہلی میں گروی رکھا ہے ۔شبیر احمد شاہ نے ان شہداء کے تئیں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان ایام میں ان شہداء کو یاد کرتے ہوئے مقصد و منزل کے تئیں تجدید عہد دہراتے ہیں۔انھوں نے 13 جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے عوام کو جوق در جوق شمولیت کی اپیل دہرائی بھارت نواز سیاسی لوگوں اور جماعتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمارے ہاتھ پیر باندھ رکھے ہوں، جو لوگ بھارت کے وظیفہ خواری کرتے ہوئے دہلی کے اشاروں پر معصوم لوگوں کے سینے چھلنی کررہے ہوں اور جن لوگوں نے نوجوانوں اور مزاحمتی قیادت کے لئے جیل اور تعزیب خانوں کے دروازے کھول دئے ہوں ،انہیں ان شہیدوں سے اپنی وابستگی جتلانے یا ان کی قبروں پر گلباری کرنے کا کوئی حق نہیں ۔ شبیر احمد شاہ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ۱۳ جولائی کو مزار شہداء پہنج جائیں جہاں ان شہیدوں اور گزشتہ 70سال کے دوران شہید ہوئے لوگوں کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی جائے گی ۔