ہندو پاک فوری طور سرحدیں خاموش کردیں

سرینگر //صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لائن آف کنٹرول پر جنگ کا سماں جاری رہنے پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے سربراہوں اور فوجی قیادت سے پھر ایک بار اپیل کی ہے کہ وہ سرحدوں پر جاری تناؤ، گولہ باری اور شلنگ کو بند کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ آر پار شلنگ سے سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگ گزشتہ دہائیوں سے جاری اپنی قیمتی جانوں کی تلافی دیتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے مرکزی اور ریاستی سرکاروں سے تاکید کی کہ وہ نقل مکانی کرنے والے لوگوں کے قیام و طعام کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے اور آر پار فائرنگ ، شلنگ ، گولہ باری سے جولوگ لقمہ اجل بن گئے ان کے لواحقین کو معقول مالی معاونت فوری طور پر فراہم کی جائے ۔ ڈاکٹرعبداللہ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ آر پار یو این او مشاہدین اور یواین او کے اعلیٰ حکام بھی خاموشی اختیار کر رکھے ہیں اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے سے قاصرہیں حالانکہ ان کا کام ہے دونوں ممالک کو جنگ سے گریز کرانا ، عام شہریوں کی زندگی کی رکھوالی اور دونوں ملکوں کے درمیان صلح صفائی اور جنگ سے گریز کرنے کی تاکید کرنا ہے، لیکن بدقسمتی سے خود یو این او  اب تک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن بات چیت شروع کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ اگر آر پار کے رہنماؤں نے آزادی کے بعد ہی مسئلہ کشمیر حل کرنے کی پہل کی ہوتی  تو موجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔