پونچھ //سرحدی کشیدگی اور کشمیر میں تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمران جماعت پی ڈی پی کے نائب صدر محمد سرتاج مدنی نے کہاکہ عوام ، امن اور خطے میں ری کانسی لیشن کے مفاد کی خاطر حالات کی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔پونچھ میں پارٹی کارکنان کے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مدنی نے کہاکہ برصغیر کی تقسیم سے ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے مشکلات شروع ہوگئیں اور یہاں کے عوام نے ملی ٹینسی اور جنگوں کا سامناکیا ۔ انہوںنے کہاکہ لوگ کئی دہائیوںسے اس بات کا انتظا رکررہے ہیں کہ تصفیہ طلب مسائل حل ہوںگے تاہم بندوق اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کا نتیجہ سب نے دیکھ لیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ جنت کہی جانے والی سرزمین میں غیر یقینی ہے اور ہر ایک نسل قتل و تباہی کا سامنا کررہی ہے ۔انہوںنے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے یاد دلایاکہ کرگل جنگ اور دیگر مواقعوں کے بعد ہندوپاک نے آگے بڑھنے کیلئے بات چیت کا فیصلہ لیا ۔انہوںنے کہاکہ مشرف اور واجپائی دور میں برف پگھلی اور سرحدوں کے ذریعہ اقتصادی و ثقافتی سرگرمیاں شرو ع کرنے کافیصلہ ہواتاہم بدقسمتی سے امن کا یہ سلسلہ آگے نہیں بڑھ سکا اور اعتماد سازی کے اقدامات میں بھی دونوں اطراف سے ٹھہرائو آگیا ۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ دہلی اور اسلام دونوںسے مذاکرات کا اعلان سنناچاہتے ہیں اور یہ تبھی ممکن ہوسکتاہے جب دونوں حکومتیں سنجیدہ سیاسی معاملات حل کرنے پر متفق ہوں ۔مدنی نے کہاکہ ریاست میں اقتصادی سطح کے اقدامات تب تک بیکار ہیں جب تک کہ نوجوان نسل کو اس میں شامل نہ کیاجائے اور سرحدوں پر امن قائم نہ ہو ۔اپنے خطاب میں پارٹی کے سینئر لیڈر و وزیر برائے دیہی ترقی و قانون و انصاف عبدالحق خان نے کہاکہ پچھلے تین برسوں میں حکومت کی طرف سے ترقیاتی شعبے میں اہم اقدامات کئے گئے تاہم سیاسی سطح کے معاملات پر تعطل کی وجہ سے ان کا اثر اتنا زیادہ دکھائی نہیں دے رہا ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی نے حالیہ برسوں قیمتی اثاثے تعمیر کئے ہیں اور گائوں دیہات کے لوگوں کے معیار زندگی میں بدلائو لانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ تاہم انہوںنے سیاسی مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر برائے امورصارفین چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے جموں خطے کو بری طرح سے متاثر ہوناپڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ بات نئی دہلی کے مفا دمیں ہے کہ ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ سیاسی اقدامات بھی کئے جائیں ۔اس موقعہ پر ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے ، سابق ایم ایل اے مینڈھر رفیق حسین خان ، ایم ایل اے یاور دلاور میر ، ایم ایل اے اعجاز احمد ، سابق ممبر قانون ساز کونسل رشید قریشی ، ریاستی سیکریٹری شہزاد خان ، ضلع صدر شمیم ڈار ، سید اقبال کاظمی ، شمیم گنائی ، ندیم رفیق خان ، ایڈووکیٹ معروف خان و دیگران نے بھی خطاب کیا ۔