اقوام متحدہ// اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کیلئے یہ’ انتہائی ضروری‘ ہے کہ وہ ایک دوسرے کے قریب آنے کی پوزیشن میں ہوں، تاکہ اپنے مسائل پر سنجیدگی سے بات چیت کریں ، اور متنبہ کیا ہے کسی بھی فوجی تصادم کی تباہی کا تناسب دونوں ممالک اور پوری دنیا کے لئے یکساں ہوگا۔انہوں نے اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی صورتحال پر جاری بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا’’ جو بات میں نے بیان میں کہی تھی،بدقسمتی سے وہی ہے جو میں آج بھی کہہ سکتا ہوں، میرا مطلب ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ اس کشیدہ صورتحال کو ختم کرنا بالکل ضروری ہے ، یعنی لائن آف(کنٹرول) پر‘‘۔گوتریس کشمیر کی صورتحال پر ہندوستان اور پاکستان کے مابین تناؤ پر ایک پاکستانی صحافی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ جمعرات کوپریس بریفنگ کے دوران گوترس نے کہا ،" مجھے لگتا ہے کہ دونوں ممالک کیلئے اکٹھا ہونا اور ان کے مسائل پر سنجیدگی سے گفتگو کرنے کے قابل ہونا بالکل ضروری ہے ، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ آپ نے جس خطے کا ذکر کیا ہے ان تمام علاقوں میں انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے‘‘۔انکا کہنا تھا’’اب ، چیزیں درست سمت میں گامزن ہیں،ہمارے اچھے دفاتر ہمیشہ دستیاب ہوتے ہیں ، اور ہم اس کے اندر ایسے مسائل کے پرامن حل تلاش کرنے پر زور دیں گے جس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، یہ واضح ہے ، جب پاکستان اور بھارت کو دیکھتے ہیں تو دونوں کے مابین کسی بھی طرح کا فوجی تصادم دونوں ممالک اور پوری دنیا کے لئے بلا تفریق تناسب کی تباہی ہوگی‘‘۔