ہندوستان کے سب سے بڑے آئس ہاکی مرکز کو لداخ میں قائم کریں گے : کرن رجیجو

 نئی دہلی //کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو لداخ میں کھیلوں انڈیا ونٹر گیمس میں شامل ہوئے اور انہوں نے مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی یقین دہانی کرائی۔ مسٹر رجیجو نے ساتھ ہی کہاکہ ہندوستان کے سب سے بڑے آئس ہاکی سنٹر کو لداخ میں قائم کیا جائے گا۔  زانسکر وِنٹر اسپورٹس اینڈ یوتھ فیسٹیول 2021ء کا آغاز 18 جنوری کو ہوا تھا۔یہ سرمائی کھیل 30 جنوری 2021ء کو ختم ہوں گے ۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کی خوبصورت زانسکر وادی کے کھلے علاقے میں ہونے والی کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ لداخ انتظامیہ کے ذریعے منعقد کئے جانے والے پہلے زانسکر سرمائی کھیل اور یوتھ فیسٹول میں اہم کھیلوں میں چدر ٹریک ، اسنو اسکیئنگ ، اسنو اسکوٹر اور ہائیکنگ ، آئس ہاکی اور دیگر کھیل شامل ہیں۔  مرکزی وزیر کرن رجیجو نے فیسٹول میں جمعرات کے روز حصہ لیا۔ ا نہوں نے کہا کہ وہ لیہہ اور لداخ کے ہر گاؤں میں کھیل سہولیات کی تعمیر کریں گے ۔مسٹر رجیجو نے کہا ’’اگلے دو سے ڈھائی برسوں میں ہم کارگل ، لیہہ اور آس پاس کے سبھی چھوٹے ضلعوں میں کھیل کی سہولیات قائم کریں گے ۔ ہم ایسٹرو ٹرف، ایتھیلٹکس سینتھیٹک ٹریک، تیر اندازی مرکز اور بہت کچھ سہولیات فراہم کریں گے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ہم ہندوستان کے سب سے بڑے آئس ہاکی مرکز کو لداخ میں قائم کریں گے ۔‘‘ یواین آئی