کولکتہ//ہندوستان نے یکطرفہ انداز میں ون ڈے سیریز میں تین ۔صفر سے کلین سویپ کیا تھا لیکن کل سے شروع ہورہی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ہندوستان کو ویسٹ انڈیز سے سخت چیلنج کا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹی 20 سیریز میں ہندوستان کی توجہ کپتان روہت شرما کے نئے اوپننگ اور لوئر آرڈر کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہوگی ۔ ون ڈے سیریز یکطرفہ رہی اور اس کے بعد آئی پی ایل میگا نیلامی کے دونوں دنوں میں ہندوستانی ٹیم کے کل 10 کھلاڑیوں کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈ پہنچ میں 16 فروری سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے کوچ فل سیمنز کا خیال ہے کہ ان کی بیٹنگ ون ڈے کے مقابلے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے کہیں زیادہ موزوں ہے اور حال ہی میں انھوں نے انگلینڈ جیسی ٹیم کو سنسنی خیز سیریز میں تین۔دو سے شکست دی۔سب کی نظریں ہندوستان کے تال میل اور کھیلنے کے انداز پر ہوں گی، خاص طور پر گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ورلڈ کپ میں ناکامی اور اس سے مایوسی کے بعد۔ ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ کے فوراً بعد نیوزی لینڈ کو تین۔صفر سے شکست ضرور دی تھی، لیکن ٹیم کے سامنے اب بھی بہت سے سوالات موجود ہیں۔ کے ایل راہل کی چوٹ کا مطلب ہے کہ کپتان روہت شرما کو ایک نئے جوڑی دار کی ضرورت ہے ۔ نیلامی کے سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں سے ایک ایشان کشن اور چنئی سپر کنگز کے مسلسل رنز بنانے والے ریتوراج گائیکواڑ کو یہ موقع دیا جائے گا۔ ایشان کے سلسلے میں اچھی بات یہ ہے کہ وہ وکٹ کیپر کا کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں، رشبھ پنت کو سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے تازہ دم رکھنے کے لیے آرام دیا جا سکتا ہے ۔ ٹیم کے پاس ایک اورمتبادل کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے وینکٹیش ایر کے طور پر موجود ہوگا۔ اوپنر وینکٹیش کا آئی پی ایل 2021 میں کے کے آر کے فائنل تک کی دوڑ میں اہم کردار تھا اور وہ میڈیم تیزگیندبازی بھی کر سکتے ہیں۔ وینکٹیش نے آئی پی ایل کے یو اے ای لیگ میں 40 کی اوسط اور 125 کے اسٹرائیک ریٹ سے 320 رنز بنائے تھے اور ہندوستان کو اپنے سرفہرست چھ میں گیندبازی کے متبادل کی ویسے بھی تلاش ہے ۔ اگر وینکٹیش کو ون ڈے کی طرح چھٹے نمبر پر کھلایا جاتا ہے توممکن ہے کہ سوریہ کمار یادو اور شریس ایر میں سے کسی ایک کو ہی ٹیم میں جگہ ملے گی۔ دونوں ایک ساتھ تب ہی نظر آئیں گے جب رشبھ پنت کو باہر بٹھایا جائے گا۔ کاغذ پر دیکھیں تو شاردل ٹھاکر، دیپک چاہر اور ہرشل پٹیل کے رہتے ہوئے نچلے آرڈر میں بلے بازی کافی مضبوط نظر آتی ہے ۔ ٹھاکر اور چاہر ویسے بھی نیٹ میں بلے بازی پر زیادہ توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی،20-2019 میں گھریلو ٹی 20 کرکٹ میں ہریانہ کے اوپنر کے طور پر، ہرشل نے اپنی ٹیم کے لیے صرف 12 اننگز میں سب سے زیادہ 374 رنز بنائے تھے ۔نومبر میں ہندوستان کے لیے اپنے واحد میچ میں، انہوں نے چاہر کے ساتھ کھیلتے ہوئے 11 گیندوں پر 18 رنز بنائے اور ٹیم کو چھ وکٹ پر 140 سے سات پر 184 کی میچ جیتنے والے اسکور تک لے گئے تھے ۔ ابھی تک، اشارے یہی مل رہے ہیں کہ ٹھاکر اور چاہر میں سے ایک کو گیارہ میں شامل کیا جائے گا۔ بلے بازی کوچ وکرم راٹھور کا کہنا ہے ، ‘‘یہ دونوں اچھی بلے بازی کر رہے ہیں۔ اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ مسلسل بلے بازی کی مشق کرتے ہیں ۔ ایسا نہ صرف حالیہ دنوں میں بلکہ کئی سالوں سے ہو رہا ہے ۔یواین آئی
ہندوستان کوویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی -ٹوئنٹی میں سخت چیلنج کا سامنا
