یو این آئی
نئی دہلی//منی پور میں جلد از جلد امن بحال کرنے کے لیے حکومت میتی اور کوکی دونوں برادریوں کے ساتھ مسلسل بات کر رہی ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ خود ریاست میں سیکورٹی کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری کارروائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حکومت نے ہندوستان میانمار سرحد پر فری موومنٹ سسٹم کو ختم کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 100دنوں کے دوران منی پور میں امن بحال کرنے کے لئے سیکورٹی کے حوالے سے کئی خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے سلامتی نے ہندوستان اور میانمار کے درمیان 1610 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد پر تقریبا 31 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے باڑ لگانے اور سرحدی سڑکوں کی تعمیر کے کام کو اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ مورہ میں تقریبا 10 کلومیٹر سرحد پر باڑ لگائی گئی ہے اور منی پور میں دوسری جگہوں پر 21 کلومیٹر سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی دو بٹالین منی پور میں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی پولیس فورس کی تقریبا 200 کمپنیاں وہاں تعینات ہیں۔منی پور حکومت نے عام لوگوں کو مناسب قیمتوں پر ضروری اشیا فراہم کرنے کے لیے 25 دکانیں اور موبائل وین کی خدمات شروع کی ہیں۔ یہ دکانیں اور موبائل وین منی پور کے تمام اضلاع میں کام کر رہی ہیں۔ایک نئی پہل کے تحت منی پور کے لوگوں کو مناسب قیمتوں پر اشیا فراہم کرنے کے لیے سینٹرل پولیس ویلفیئر سینٹر عام لوگوں کے لیے کھولے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں موجودہ 21 مراکز کے علاوہ 16 نئے مراکز بھی کھولے جا رہے ہیں۔ ان 16 نئے مراکز میں سے آٹھ وادی میں اور باقی آٹھ پہاڑی علاقوں میں ہوں گے۔