عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پڑوسی ملک میں ہونے والی پیش رفت کے پیش نظر پیر کو 4096 کلومیٹر طویل ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد کے ساتھ ساتھ اپنی تمام سرحدوں پر’ہائی الرٹ‘ جاری کر دیا۔بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل (قائمقام) دلجیت سنگھ چودھری اور دیگر سینئر کمانڈروں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مغربی بنگال میں محاذ کا دورہ کیا۔ ڈی جی دہلی سے ایک پرواز سے صبح ساڑھے دس بجے کے قریب کولکتہ پہنچے۔کولکتہ میں واقع فورس کے جنوبی بنگال فرنٹیٔر کے ترجمان نے بتایا کہ چودھری نے سینئر افسران کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دور دراز کے شمالی 24 پراگنا ضلع اور سندربن ندی کے علاقے کا دورہ کیا۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ فورس نے اپنے تمام فیلڈ کمانڈروں کوہائی الرٹ کے طور پر تمام اہلکاروں کو فوری طور پر سرحدی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔جنوبی بنگال فرنٹیٔر کے ترجمان نے کہا’’بنگلہ دیش میں بدلی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے، بی ایس ایف نے تمام ہند-بنگلہ دیش سرحد پر الرٹ جاری کر دیا ہے اور سرحد پر تعینات فوجیوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ڈی جی کو حساس بین الاقوامی سرحد پر قومی سلامتی کو برقرار رکھنے میں بی ایس ایف کے کردار سے آگاہ کیا گیا‘‘۔بی ایس ایف کے سربراہ کے اگلے چند دنوں تک خطے میں ہونے کی امید ہے۔دہلی میں مقیم بی ایس ایف کے ترجمان نے کہا کہ ’’بنگلہ دیش کی سرحد پر صورتحال ابھی تک معمول پر ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’فوجی حالیہ پیش رفت کے بارے میں باخبر اور چوکس ہیں اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے آئی بی بھر میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے‘‘۔
ریل سروس منسوخ | ائر انڈیا کی پروازیں معطل
نئی دہلی/یواین آئی/ ہندوستانی ریلوے نے بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہرے کے درمیان بغاوت کے بعد حالات کی حساسیت کے پیش نظر کولکتہ سے ڈھاکہ اور کھلنا تک چلنے والی چاروں مسافر ٹرین خدمات اور مال ٹرینوں کے آپریشن کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق 13109؍13110 کولکتہ-ڈھاکہ-کولکتہ میتری ایکسپریس، کولکتہ سے منگل اور جمعہ اور ڈھاکہ سے بدھ اور ہفتہ، کولکتہ سے ہفتہ، پیر، بدھ اور ڈھاکہ سے جمعہ، اتوار، منگل 13107۔ 13108 ڈھاکہ-کولکتہ-ڈھاکہ میتری ایکسپریس کولکتہ سے جمعرات اور اتوار اور کھلنا سے چلتی ہے- 13129؍13130کولکتہ-کھلنا-کولکتہ بندھن ایکسپریس جمعرات اور اتوار کو چلتی ہے اور ڈھاکہ-نیو جلپائی گوری-ڈھاکہ 13131؍13132 متھالی ایکسپریس ٹرین خدمات کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ مال بردار آپریشن بھی روک دیا گیا ہے۔ادھربنگلہ دیش میں سیاسی بحران کے پیش نظر ایٔر انڈیا نے پیر کو ڈھاکہ آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایٔر لائن نے مسافروں کو پروازوں کے ری شیڈولنگ اور کینسلیشن چارجز پر ایک بار کی چھوٹ کی بھی یقین دہانی کرائی۔ایٔر انڈیا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’بنگلہ دیش میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر، ہم نے ڈھاکہ کے لیے اور وہاں سے اپنی پروازوں کے شیڈول آپریشن کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے‘‘۔پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور اپنے مسافروں کو ڈھاکہ سے آنے اور جانے کی تصدیق شدہ بکنگ کے ساتھ مدد فراہم کر رہے ہیں جس میں ری شیڈولنگ اور کینسلیشن چارجز میں ایک بار کی چھوٹ ہے‘‘۔پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے مہمانوں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے، براہ کرم ہمارے 24×7 رابطہ مرکز کو 011-69329333 ؍ 011-69329999 پر کال کریں‘‘۔