کیپ ٹاؤن/ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں منگل کے وز یہاں تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں فیصلہ کن مقابلے میں جیت کے ساتھ سیریر پر قبضہ کرکے عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) ٹیبل میں چوٹی پر پہنچنے کی پوری کوشش کریں گی۔ تین میچوں کی ٹسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہے ۔ہندوستان کے لیے اس میچ میں جیت کئی لحاظ سے اہم ہوگی۔ دراصل ہندوستان نے اس سے پہلے جنوبی افریقہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے ۔ اس سے قبل پچھلی تین ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو دو میں شکست دی تھی جب کہ ایک ڈرا ہوا تھا۔ جنوبی افریقہ 07-2006 میں دو۔ایک اور 14-2013 میں ایک۔صفر سے جیتا تھا جبکہ 11-2010 میں کھیلی گئی سیریز 1-1 سے ڈرا رہی تھی۔دوسری جانب ہندوستان نے بھی تین پنالٹی اوورز کی وجہ سے ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں تین قیمتی پوائنٹس کی کٹوتی کی ہے ، اس لیے اس کے لیے اس میچ میں جیت کے ساتھ سیریز جیتنا اہم ہوگا۔دوسری جانب، جنوبی افریقہ کا ہدف نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم انڈیا کی جیت کا سلسلہ روک کر دیگر مضبوط ٹیموں کے لیے ایک مثال قائم کرنا ہوگا۔ جنوبی افریقہ کے لیے اچھی بات ان کے ٹاپ اور مڈل آرڈر بلے بازوں اور تیز گیند بازوں کی فارم ہے ۔ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی بڑی جیت کا سہرا گیندبازوں کے سربندھا تھا ۔ کپتان ڈین ایلگر، کیگر پیٹرسن اور ٹیمبا باوما نے بلے بازی میں جہاں شاندار اننگز کھیلی تھیں، وہیں نوجوان تیزگیندباز مارکو یانسن، تجربہ کار کگیسو ربادا، ڈوئن اولیور اور لونگی ا نگیڈی نے خطرناک گیندبازی کی جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو دوسرے ٹسٹ میں یکطرفہ انداز میں سات وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پہلے میچ میں لوکیش راہل کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 113 رن کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ہندوستان تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہر حال میں جیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی ۔ یقینی طور پر کپتان وراٹ کوہلی کی واپسی سے ٹیم کو مضبوط ملے گی۔ سلامی بلے باز لوکیش راہل اور میانک اگروال اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، لیکن کہیں نہ کہیں مڈل آرڈر کمزور نظر آ رہا ہے ۔ تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا اور اجنکیا رہانے نے بلاشبہ گزشتہ میچ کی دوسری اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں لیکن ان دونوں کی طویل اننگز کھیلنے میں ناکامی ٹیم کے لیے باعث فکر ہے ۔ ہندوستان کی گیند بازی بھی بہتر ہورہی ہے ۔ جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج اور شاردل ٹھاکر اچھی فارم میں ہیں۔ شاردول نے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کرکے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سراج زخمی ہیں اور ان کی جگہ ایشانت شرما یا امیش یادو میں سے کسی ایک کو منتخب کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ہندوستان اس وقت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں 55.21 اور 53 پوائنٹس کی جیت کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے ۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ 50 اور 12 پوائنٹس کی جیت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ یقینی طور پر تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اور سیریز جیتنے والی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل میں برتری حاصل ہوگی۔(یواین آئی)