پٹن // عوامی اتحاد پارٹی کی طرف سے بارہمولہ پالیمانی انتخاب کے امیدوار انجینئر رشید نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کی صحیح ترجمانی کرنے کیلئے انہیں پارلیمنٹ میں بھیج دیں ۔ سنگرامہ اور پٹن اسمبلی حلقوں کے منگام، کلنترہ، کچھو مقام ، واگورہ ، کریری اور نہال پورہ میں عوامی اجتما ت سے خطاب کے دوران انجینئر رشید نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہہ کر ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا ’’اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کے لوگوں کو جموں کشمیر کی صحیح صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور انہیں بتا دیا جائے کہ کشمیری ظالم نہیں بلکہ مظلوم ہیں اور اُن کے حقوق کو زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکتا ۔ پارلیمنٹ کا ریکارڈ گواہ ہے کہ اب تک جتنے بھی کشمیری ممبران پارلیمنٹ میں پہنچے انہوں نے وہاں جا کر کشمیریوں کے مفادات کی بات کرنے کے بجائے نئی دلی کی غلطیوں اور زیادتیوں کی پردہ پوشی کی ۔ 2019ء کے پارلیمانی انتخابات پوری کشمیر ی قوم کیلئے ایک سنہری موقعہ ہیں کہ وہ اکھٹے ہو کر ایسے با کردار اور با ضمیر لوگوں کو ہندوستان کے سب سے بڑے ایوان میں پہنچا دیں جو اُں کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کسی خوف اور خطر کے بغیر کرنے کے اہل ہوں۔ ’’انجینئر رشید نے لوگوں کا اُن کی بات سننے کیلئے شکریہ ادا کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ آپ کے اعتماد کو کسی بھی قیمت پر ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور بغیر کسی خوف و خطر کے اُن کے جزبات کی صحیح ترجمانی کریں گے اگر انہیں پارلیمنٹ میں جانے کا موقعہ فراہم کیا جائے ۔
ہندوستانی عوام کو سچائی بتائوں گا:انجینئر
