ہندوستانی عمان مشترکہ فوجی مشق

 یو این آئی

نئی دہلی//ہندوستان عمان مشترکہ فوجی مشق ‘النجاح کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے ہندوستانی فوج کا دستہ جمعرات کو روانہ ہوا۔یہ مشق 13سے 26ستمبر تک عمان کے شہر سلالہ میں ربکوٹ ٹریننگ ایریا میں ہوگی۔ ‘النجاح مشق 2015 سے ہندوستان اور عمان کے درمیان باری باری کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ اس مشق کا پچھلا ایڈیشن راجستھان کے مہاجن رینج میں ہوا تھا۔ہندوستانی فوجیوں کے 60 رکنی دستے کی نمائندگی میکانائزڈ انفنٹری رجمنٹ کی بٹالین کے ساتھ ساتھ دیگر ہتھیاروں اور خدمات کے اہلکاروں نے کی ہے۔ رائل آرمی آف عمان دستے میں بھی 60 فوجی شامل ہیں جن کی نمائندگی فرنٹیئر فورس کے سپاہی کریں گے۔اس مشترکہ مشق کا مقصد اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتویں باب کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے دونوں فریقوں کی مشترکہ فوجی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ مشق صحرائی منظر نامے میں آپریشنز پر توجہ مرکوز کرے گی۔مشق کے دوران کی جانے والی ٹیکٹیکل مشقوں میں مشترکہ منصوبہ بندی، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، تعمیر شدہ ایریا فائٹنگ، موبائل وہیکل چیک پوسٹوں کا قیام، ڈرون کا مقابلہ اور روم انٹروینشن شامل ہیں۔یہ مشق دونوں فوجوں کے درمیان باہمی تعاون، خیر سگالی اور دوستی کو فروغ دے گی۔ مزید برآں، اس سے دفاعی تعاون کو تقویت ملے گی اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔