بارہمولہ//شمالی کشمیر میں ہندوارہ کے مضافاتی گاوں میں پیر کو فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہوئے ساتویں جماعت کے 14 سالہ لڑکے کو منگل کی صبح شیری بارہمولہ کے گانٹہ مولہ میں جاں بحق ہونے والے غیر ملکی جنگجوﺅں کیلئے مخصوص قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حازم شفیع بٹ کی میت کو آج علی الصبح گانٹہ مولہ پہنچا گیا جس کے بعد شیری پولیس اہلکار وں اور چند لواحقین کی موجودگی میں اُس کی تجہیز و تکفین عمل میں لائی گئی۔
یاد رہے کہ ہندوارہ کے وانگام علاقے میں سوموار کو جنگجوﺅں نے سی آر پی ایف پارٹی پر حملہ کیا ۔ اس حملے میں تین فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ ختم ہونے بعد جائے مقام سے کچھ دور حازم کی لاش پائی گئی جس کو گولیاں لگی تھیں۔
گانٹہ مولہ کا مخصوص قبرستان سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر دریائے جہلم کے بغل میں واقع ہے جہاں جاں بحق ہونے والے غیر ملکی جنگجوﺅں کو دفنایا جاتا تھا،لیکن کورونا وبا ءسے پیدا صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے حالیہ ایام میں جاں بحق ہونے والے مقامی جنگجوﺅں کو بھی یہیں سپرد لحد کیا گیا ہے۔