ہندوارہ سے 3اپر گرائونڈ ورکر گرفتار

اشرف چراغ
کپوارہ // پولیس نے اتوار کے روز شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ علاقے میں البدر سے وابستہ3 زمینی کارکنوں کو گرفتار کرنے اور ان سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ تینوں ناظم احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ، سراج الدین خان ولد بشیر احمد خان اور عادل گل ولد غلام محی الدین وانی ساکنان کھئی پورہ، کرالہ گنڈ کو مشترکہ کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر وانگم کراسنگ کرالہ گنڈ پر32آر آر اور  92  بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔”ان کی تلاشی پر، ایک پستول کے ساتھ ایک میگزین اور آٹھ راؤنڈز کے علاوہ ان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔انکے خلاف کیس زیر نمبر/2022 40 درج کیا گیا۔پولیس نے کہا”ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ تینوں کا تعلق کالعدم تنظیم البدر سے ہے، اور انہیں پاکستان میں مقیم ہینڈلرز نے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے لیے کام سونپے تھے ” ۔