نئی دہلی//نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی باہمی بات چیت میں آج یہاں ایک سے زیادہ دو طرفہ امکانات کا جائزہ لیا ۔ نیپالی وفد سے مسٹر مودی نے کہا کہ ہندستان نیپال میں ریل رابطے اور آبی رہگزر کو بہتر بنانا چاہتا ہے اور آج ایک سے زیادہ ایسے پروجکٹوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد رابطے کا دائرہ وسیع کرنا ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ سیکوریٹی کے محاذ پر دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہیں اور یہ رشتہ دونوں ملکوں کی کھلی سرحد کے بے جا استعمال کو روکنے کا پابند ہے ۔ مسٹر اولی نے کہا کہ نیپال ہندستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ دونوں ممالک تاریخی تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل اقتصادی سہولتوں اور سرمایہ کاری میں اضافے پر منحصر ہے ۔ زراعت کے محاذ پر نیپال ہندستان سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔ قبل ازیں مسٹر اولی کا آج یہاں راشٹر پتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں خیر مقدم کیا گیا۔ انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعدا ولی نے صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔مسٹرا ولی ہندوستان کے تین روزہ دورہ پر آج یہاں پہنچے ہیں۔ نیپال کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ مسٹرا ولی حیدرآباد ہاؤس میں مسٹر مودی کے ساتھ وفد سطح کی میٹنگ میں شامل رہے ۔ اس کے علاوہ وہ صدر رام ناتھ کووند ، نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کریں گے ۔ نیپالی وزیر اعظم اتراکھنڈ کے پنت نگر بھی جائیں گے ، جہاں وہ گووند ولبھ پنت یونیورسٹی میں منعقد پروگرام میں شریک ہوں گے ۔یو این اائی۔