نئی دہلی//سیاسی مخالفت، افواہ، توہم پرستی، بنیادی ڈھانچے کی کمی اور بین الاقوامی تجارتی دباو اور جغرافیائی رکاوٹوں کے باوجود ہندستان کووڈ ٹیکہ کاری مہم ایک ارب کووڈ ٹیکے لگانے کے جادوئی اعدادوشمار کو حاصل کرنے والا ہے ۔تازہ اعدادو شمار کے مطابق منگل کو ہندستان میں 99کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جاچکے ہے ۔ ملک کی تقریباً 95فیصد اہل آبادی کو کووڈ کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے ۔ یہ آبادی یوروپی یونین کے تمام ممالک اور پورے امریکہ کی مجموعی آبادی کے تقریباً برابر ہے ۔اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ ریاستوں کو اب تک 102کروڑ ٹیکوں کی فراہمی کی جاچکی ہے جبکہ دس کروڑ سے زیادہ ٹیکے فراہمی کے عمل میں ہیں۔مرکزی صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے آن لائن کووڈ ویکسینیشن مہم کی پیش رفت اور حیثیت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قوم ایک ارب کووڈ ویکسین کی فراہمی کے قریب ہے ’ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کووڈ ویکسین کا مناسب ذخیرہ ہے لہذا اب کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک پر زور دیا جانا چاہیے ۔ جائزہ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف ہیلتھ سکریٹری اور متعلقہ ریاستوں کے ریاستی نگراں افسران اور مرکزی صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال موجود تھے ۔جائزہ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو صلاح دی گئی تھی کہ وہ کم ویکسینیشن والے اضلاع کی شناخت کریں اور انھیں ترجیح دیں تاکہ مقامی چیلنجز کا سامنا کرنے ، اضافی کووڈ ویکسینیشن سینٹر کی ضرورت اور دیہی علاقوں میں بہتری لانے کی کوششوں کی ضرورت کا پتہ لگایا جا سکے ۔