دہرادون// وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کی صبح کیدارناتھ دھام پہنچ گئے۔ کیدارناتھ دھام پہنچنے کے بعد مودی نے مندر میں پوجا کی۔ اس موقع پر ملک کے تمام 12 جیوترلنگوں میں ایک ساتھ پوجا کی گئی، جسے براہ راست نشر کیا گیا۔ دریں اثنا، وزیر اعظم آدی گرو شنکراچاریہ کے سمادھی (مقبرہ) اور مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ یہ سمادھی 2013 کی سیلابی آفت میں تباہ ہوگئی تھی جس کی دوبارہ تزئین و آرائش کی گئی ہے۔اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے کیدارناتھ میں 130 کروڑ روپے کی مالیت والے پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ نیز 400 کروڑ سے زیادہ کی لاگت کی مختلف اسکیموں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم مودی کا چار سال میں یہ کیدارناتھ کا پانچواں دورہ تھا۔ کیدارناتھ مندر میں ابھیشیک اور پوجا اور سمادھی میں دھیان کے اپنے تجربہ کو شاندار قرار دیتے ہوئے مسٹر مودی نے جلسہ میں کہاکہ آج ہندستان اپنی وراثت کے تئیں پراعتماد ہے اور اب ملک اپنے لئے بڑے اہداف طے کرتا ہے ، مشکل ڈیڈ لائن مقرر کرتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب ہماری ثقافتی وراثت کو، آستھا کے مراکز کو اسی شان سے دیکھا جارہا ہے جس طرح انہیں دیکھاجانا چاہئے ۔ مودی نے کہا، ‘میں نے تہواروں کی خوشیاں ملک کے بہادر فوجیوں کے ساتھ بانٹی ہیں۔ 130 کروڑ شہریوں کا پیار اور‘ آشیرواد’لے کر فوج کے جوانوں کے بیچ گیا تھا اور انہی کی سرزمین پر آیا ہوں’۔انہوں نے کہا، ‘یہ ہندوستان کی روحانی خوشحالی اور وسعت کا ایک بہت ہی ما فوق الفطرت منظر ہے ۔
ہندستان اپنی وراثت کے تئیں پُراعتماد:مودی
