سرینگر //نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حد بندی کمیشن کی تجاویز کشمیر کے لوگوں کو 'بے اختیار'کرنے کیلئے بی جے پی کے ایجنڈے کو پورا کر رہی ہے ۔حد بندی کمیشن کی سفارشات کے مسودے پر تنقید کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بدھ کے روز پینل پر الزام لگایا کہ وہ کشمیر کے لوگوں کوبے اختیار بنانے کیلئے بی جے پی کے ایجنڈے کو پورا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس اقدام کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کرے گی۔این سی کے نائب صدر نے کہا کہ جموں ڈویژن میں اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں چھ اور کشمیر ڈویژن میں صرف ایک سیٹ بڑھانے کی کمیشن کی تجویز نے ایک بڑی آبادی کو نظر انداز کیاہے ۔انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ بی جے پی دراصل کشمیر میں لوگوں کو حقِ رائے دہی سے محروم کر رہی ہے کیونکہ آبادی سے نشستوں کے تناسب میں زبردست تبدیلی آتی ہے۔عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ NC سفارشات کی توثیق نہیں کرے گی اور اگر کمیشن تجاویز میں ترمیم نہیں کرتا ہے، "ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہماری اختلاف رائے ریکارڈ کا حصہ ہے۔حد بندی کمیشن کی سفارشات کو عدالت میں چیلنج نہ کرنے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’’ہمیں دوسرے جمہوری طریقوں سے دبا ڈالنے کی کوشش کرنی ہوگی‘‘۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے مرکز کا مشترکہ منصوبہ کشمیر میں لوگوں کو بے اختیار کرنا ہے اور حد بندی کمیشن کی تجاویز "اس سمت میں ایک اور قدم ہے"۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار اس معاملے پر سوال اٹھائے ہیں ۔عمر عبداللہ نے واضح کہا کہ پارٹی سابقہ ریاست سے باہر دیگر سیاسی جماعتوں سے رجوع نہیں کرے گی اور کہا کہ ’’ہمارا اپنا تجربہ یہ رہا ہے کہ جماعتیں بہت کم ہی جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مشترکہ مفادات تلاش کرنے میں خوش ہوتی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سیاسی جماعتوں نے5 اگست 2019 کے بعد ہمارے ساتھ کوئی مشترکہ دلچسپی نہیں دکھائی اور اس لئے مجھے نہیں لگتا کہ اس سے کوئی مقصد پورا ہو گا۔ سی پی ایم، سی پی آئی جیسی جماعتیں ہیں جو پی اے جی ڈی کا حصہ ہیں، توہاں ضرور ہم کریں گے۔